بھائی چارگی کے ذریعہ تہواروں کو منانے کی خواہش

بھینسہ میں ورنگل رینج آئی جی ناگی ریڈی کی پریس کانفرنس
بھیسہ یکم / ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر میں محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداران کی جانب سے خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے پرامن فضاء کو بنائے رکھنے اور ایک ہی روز 2 ستمبر بروز ہفتہ آج منعقدہ دونوں طبقوں کے مذہبی تہوار عیدالاضحی اور گنیش وسرجن جلوس کو پرامن طریقے سے گذارنے کیلئے کافی متحرک دیکھے جارہے ہیں ۔ اس ضمن میں پولیس کے اعلی عہدیداران جن میں ورنگل رینج آئی جی ناگی ریڈی ، کریم نگر رینج ڈی آئی جی روی ورما اور ضلع نرمل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وشنو ایس واریار نے دوپہر کے اوقات میں بھینسہ شہر کا دورہ کرتے ہوئے آئی بی گیسٹ ہاوز ( ڈاک بنگلہ ) میں توقف کرتے ہوئے شہر کے ڈی ایس پی اندے راملو اور سرکل انسپکٹر اے رگھو کی موجودگی میں شہر کے دونوں طبقوں کے ذمہ داران اور گنیش اتسو کمیٹی ذمہ داران سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور آپسی بھائی چارگی کے ذریعہ دونوں طبقوں کو ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنے اور تعاون کرتے ہوئے تہواروں کو منانے کی خواہش کی ۔ اس موقع پر ورنگل رینج آئی جی ناگی ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھینسہ شہر کی عوام دونوں مذہبی تہواروں عیدالاضحی اور گنیش وسرجن جلوس کو پرامن ماحول میں آپسی بھائی چارگی و میل ملاپ کے ذریعہ مناتے ہوئے شہر میں دوستانہ ماحول و گنگاجمنی تہذیب کو پروان چڑھائے کیونکہ تہواروں کے ذریعہ ایک دوسرے طبقات میں محبت و دوستانہ ماحول فروغ پاتا ہے اور تہوار اپنے ذریعہ خوشی و انسانیت پیغام لاتے ہیں ۔ آئی جی ناگی ریڈی نے کہا کہ بھینسہ کی عوام کسی بھی طرح کی افواہوں پر دھیان نہ دیں بلکہ کسی بھی مسئلہ پر پولیس ذمہ داران کو اطلاع دیتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنائے کیونکہ پولیس نظم و ضبط اور امن و امان کی برقراری کیلئے اپنی خدمات بخوبی انجام دے گی اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔بعد ازاں مذکورہ پولیس اعلی عہدیداران نے بھینسہ ڈی ایس پی اندے راملو کے علاوہ ڈیویژن کے سرکل انسپکٹران و سب انسپکٹران کے ہمراہ ایک اہم اجلاس منعقد کرتے ہوئے بھینسہ میں تہواروں کے پیش نظر پولیس کی جانب سے کئے گئے بندوبسی انتظامات اور شہر کے حالات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ اس موقع پر ڈی ایس پی اندے راملو نے مذکورہ پولیس اعلی عہدیداران کو بھینسہ شہر میں موجود عبادتگاہوں اور گنیش وسرجن جلوس گذرنے والے راستہ اور پولیس بندوبسی انتظامات کا بھینسہ شہر کے نقشہ و روڈ میاپ کے ذریعہ واقف کروایا ۔ مذکورہ پولیس اعلی عہدیداران نے شہر کے پولیس عہدیداران کو ہدایت دی کہ شہر میں منعقدہ دونوں تہواروں کو پرامن ماحول میں گذارنے کیلئے اپنی خدمات کو بخوبی انجام دیں اور ہر انجان فرد پر نظر رکھے اور امن کو بنائے رکھنے میں کسی بھی تساہلی و لاپرواہی نہ برتے ۔