بگ تھری کرکٹ کو ماضی میں ڈھکیل رہے ہیں: عمران خان

کراچی۔یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ بگ تھری ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ آئی سی سی کی تشکیلِ نو کے نام پر تصادم کے بیج بو رہے ہیں جس سے صرف انہی تین ملکوں کی اجارہ داری قائم ہوگی۔ ویب سائٹ کودیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تین ملکوں کے اس مجوزہ مسودے نے انہیں ماضی کی یاد دلا دی ہے جہاں انگلینڈ اور آسٹریلیا کی اجارہ داری تھی۔سابق کپتان نے کہا کہ انہوں نے 1993 میں آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کی تھی جہاں وہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی رعونت دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔ یہ وہ دور تھا جب ان دو ملکوں کو ویٹو پاور حاصل تھا اور اب لگتا ہے کہ وہ دور واپس لانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

پاکستان اورہندوستان نے آئی سی سی میں جمہوریت لانے اور دو ممالک کی اجارہ داری ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا لیکن اب ہندوستان اپنی مالی حیثیت اور انگلینڈ اور آسٹریلیا کی حمایت کے سبب آئی سی سی کو دوبارہ ماضی کے دور میں لے جانے میں مصروف ہے۔ اگر میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہوتا تو اس نئے نو آبادیاتی نظام کی زبردست مخالفت کرتا۔ آئی سی سی کو کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کرنے والا ادارہ بنانے کی ضرورت ہے اس میں چند ملکوں کی اجارہ داری نہیں ہونی چاہیے۔ عمران نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنی کرکٹ کا معیار بلند کرنا ہوگا اور اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کو بھی یہی کچھ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ شائقین اور براڈکاسٹرس انہیں اہمیت دے سکیں۔