دبئی30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ کے میدانوں پر ٹرائیکا کا راج ہوگا یا نہیں، معاملے پر مزید بات 8فروری کو سنگاپور کے اجلاس میں ہوگی۔ آئی سی سی کے عہدے داروں کی پریس بریفنگ کے دوران آئی سی سی کے صدرایلن آئزک نے کہا ہے کہ بورڈ اجلاس میں بگ تھری کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی، لیکن کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ آئی سی سی بورڈ اجلاس کے بعد چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن اورصدرایلن آئزک نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آئی سی سی کے صدر نے کہا کہ اجلاس میں بگ تھری کی تجاویز پر کافی بات چیت ہوئی۔سب نے اپنا موقف پیش کیا، لیکن کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اس بارے میں 8فروری کو سنگاپور میں ہونے والے اجلاس میں بھی بات ہوگی۔ آئی سی سی کے صدر ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ اجلاس میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس کے بارے میں تجاویز سامنے آئیں، جبکہ انٹرنیشنل ویمن چمپئن شپ کی منظوری بھی دی گئی۔
رائل یونائٹیڈ نے یوسف کمال میموریل ٹورنمنٹ جیت لیا
حیدرآباد۔30جنوری ( راست ) حیدرآباد اسپورٹنگ کلب وجئے نگر کالونی میں تیسرا سید یوسف کمال میموریل فٹبال ٹورنمنٹ 25 اور 26جنوری کو منعقد ہوا جہاں خطاب کی دوڑ میں جملہ 17ٹیمیں ایکشن میں رہی ۔ خطابی مقابلہ میں رائل سیشن ٹی کو شکست دے کر رائل یونائٹیڈ نے خطاب حاصل کرلیا ۔ اس ٹورنمنٹ کے مقابلوں میںریفری کی خدمات سید غالب کلاس ون پی آر او نے انجام دی اور انہوں نے بحیثیت ریفری 4010 مقابلے مکمل کرلئے جس پر انہیں خصوصی تہنیت پیش کی گئی ۔ مہمان خصوصی کے طور پر سابق اولمپئین سید حامد ‘کسٹمس ڈائرکٹر سیدنورانی ‘ احمد مبین الدین ‘ محمد ہاشم ‘ شوکت ‘ جاوید ‘ آصف ‘ فاروق اور دیگر موجود تھے۔