کراچی۔ 17؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی کی صدارت میں بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا دوسرا اہم اجلاس جمعرات کو لاہور میں ہورہا ہے جس میں بگ تھری پر پاکستان بورڈ کی پالیسی، ڈائریکٹر جنرل جاوید میاں داد کے استعفیٰ بشمول کئی اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ اس معاملے پر پی سی بی کی انتظامیہ کمیٹی اپنے آئندہ اجلاس میں غور کرے گی۔ پی سی بی کے باوثوق ذرائع نے کہا ہے کہ ابھی تک اجلاس کا ایجنڈا جاری نہیں ہوا ہے، لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کو بگ تھری پر کسی نتیجہ پر پہنچنا ہے۔ بی سی سی آئی نے پاکستان کو دو قطعی تواریخ دے رکھی ہیں اور امکان ہے کہ ’کچھ لو اور کچھ دو‘ کی بیناد پر پاکستان کرکٹ بورڈ بگ تھری کی اصلاحات کے منصوبہ پر دستخط کرنے والا آخری ملک ہوگا، تاہم اس منصوبہ پر دستخط سے پہلے نجم سیٹھی اپنے رفقاء سے فیصلہ کن مشاروت کرنا چاہتے ہیں۔ ذکاء اشرف نے گزشتہ دو آئی سی سی اجلاس میں اس منصوبہ کی مخالفت کی تھی،
لیکن اب پاکستان کرکٹ بورڈ اس منصوبہ کے مسودہ پر دستخط کرنے والا ہے۔ 11 فروری کو پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں نجم سیٹھی کو چیف آپریٹنگ سبحان احمد نے تفصیلات فراہم کی تھی۔ نجم سیٹھی کے بموجب وہ وزیراعظم سے مشورے کے بغیر پی سی بی کے موقف کا تعین خود کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرا بڑا موضوع جاوید میاں داد کے استعفیٰ کا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اختیارات نہ ملنے کی وجہ سے نجم سیٹھی سے ناراض ہیں۔ اس بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ امکانات روشن ہیں کہ جاوید میاں داد کا استعفیٰ منظور کر لیا جائے گا کیوںکہ کئی اراکین انہیں پی سی بی میں ڈی جی کے عہدہ پر رکھنے کے حق میں نہیں ہیں۔ جاوید میانداد جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی کے کمرے میں گئے تھے اور ایک لفافہ دے کر چند منٹوں میں ہی باہر آگئے تھے۔ سابق کپتان جاوید میانداد جن کا شمار پاکستان کے کامیاب بیٹسمینوں میں ہوتا ہے، نومبر 2008ء میں اعجاز بٹ کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل بنائے گئے تھے، لیکن جنوری 2009ء میں انہوں نے اپنی تنخواہ کم ہونے کا اعتراض کرتے ہوئے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔