گھر والوں کو اذیت اور ہراسانی سے چھوٹے بھائی کی انتقامی کارروائی
حیدرآباد /19 جون ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ پہاڑی شریف میں دلسوز واقعہ پیش آیا جہاں ایک بھائی نے اپنے بڑے بھائی کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بڑے بھائی کے ظلم و ستم سے تنگ آکر چھوٹے بھائی نے انتہائی اقدام اور حالت نیند میں موجود اپنے بھائی پر وزنی پتھر ڈال کر اس کا قتل کردیا اور خود سپردگی اختیار کرلی ۔ پولیس اور محلے والوں کو خودسپردگی تک علم نہ تھا کہ ایک بھائی نے دوسرے کا قتل کردیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 29 سالہ احمد خان اپنے چھوٹے بھائی 27 سالہ عظمت خان کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا ۔ مقتول احمد خان اور قاتل عظمت خان جیلانی خان کے بیٹے تھے ۔ احمد خان پیشہ سے ڈرائیور تھا اور کیاب چلایا کرتا تھا اور احمد خان کو شراب کے نشہ کی عادت تھی اور گذشتہ چند روز سے گھر والوں کو ہراساں و پریشان کرنا اس کی عادت بن گئی تھی ۔ احمد خان کی حرکتوں سے تنگ آکر اس کی بیوی نے بھی اس کا ساتھ چھوڑ دیا تھا اور 4 ماہ قبل اس نے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔ ان دنوں احمد خان کی ہراسانی اذیت ناک ہوگئی اور وہ اپنی والدہ کو بھی کافی پریشان کرنے لگا تھا اور دبئی جانے کیلئے گھر والوں سے ایک لاکھ روپئے طلب کر رہا تھا کل رات احمد خان نے ہمیشہ سے کچھ زیادہ ہی ہراسانی کی اور اپنے چھوٹے بھائی عظمت خان جو پیشہ سے ٹیلر تھا اس کے ٹیلرنگ مشینوں کے ساتھ توڑ پھوڑ کی اور گھر والوں کو دھمکی دی تھی کہ اگر وہ ایک لاکھ روپئے صبح تک نہیں دیں گے تو وہ جان سے مار دے گا ۔ اس دھمکی کے بعد وہ سو گیا تھا ۔ رات دیر گئے تقریباً ڈھائی بجے عظمت نے حالت نیند میں موجودہ احمد کے اوپر وزنی پتھر ڈال دیا جس کے سبب وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ انسپکٹر پہاڑی شریف مسٹر بھاسکر ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔