چینائی ۔12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے ٹی20 کپتان کارلوس بریتھویٹ نے ہندستان کے خلاف شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میچ میں ہم نے شاندار بیٹنگ کی لیکن بڑی شراکت نہ ہونے کے سبب میچ ہماری گرفت سے باہر چلا گیا۔ پھر بھی ہم نے آخر تک ٹکر دی۔ بریتھویٹ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں تسلیم کیا کہ 0-3 سے کلین سوئپ ہونا مایوس کن ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ان کی ٹیم نے جو جدوجہد دکھائی وہ قابل تعریف ہے۔ واضح رہے کہ ہندستان نے اتوار کو یہاں آخری ٹی20 میں عالمی چمپئن ٹیم کو چھ وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا۔بریتھویٹ نے کہاکہ ٹیم کا حوصلہ پست نہیں ہے ۔ ایک گروپ کے طور پر ہم اپنے وسائل کا بہترین استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پہلے میچ میں ہم نے سخت ٹکر دی، ہم نے گیند سے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ۔بریتھویٹ نے کہاکہ دوسرے میچ میں ہم کچھ نہیں کر پائے اور تیسرے میچ میں ہم نے شاندار بیٹنگ کی۔