عمر بڑھنے کے ساتھ ہی انسان میں تبدیلیاں رونما ہونے لگتی ہیں۔ ایک طرف اس کی خوبصورتی ماند پڑ نے لگتی ہے تو دوسری طرف اس کی چیزوں کو یاد کرنے کی صلاحیت بھی متاثر ہونے لگتی ہے۔ خواتین کو بڑی عمر میں جاکر چھوٹی چھوٹی باتیں یاد کرنے میں بھی مشکل پیش آتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ مسلسل آرام دہ نیند نہیں لیتے خواہ وہ اپنی نیند پوری کرلیتے ہوں وہ بڑھاپے میں یادداشت کھوسکتے ہیں۔ اس طرح ان کی یادداشت کھونے یا کمزور ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔اگر آپ کوشش کریں تو بڑھتی ہوئی عمر میں بھی اپنی یادداشت کو بہتر بناسکتی ہیں۔ اپنی یادداشت تیز کرنے کیلئے آپ کو چند مشقیں کرنی ہوں گی۔ روزانہ آپ بھولی بسری چھ باتیں یاد کرنے کی کوشش کریں۔ مثلاً اسکول کے زمانے کا کوئی واقعہ یاد کریں۔ بچپن میں سب سے زیادہ لڑائیاں کس کے ساتھ ہوتی تھیں۔ آپ کی زندگی کا یادگار لمحہ کونسا تھا۔شادی کے بعد آپ کے شوہر نے سب سے پہلا تحفہ آپ کو کیا دیا تھا۔ اس قسم کی کوششوں سے آپ اپنی یادداشت کو بہتر بناسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ سب سے ضروری بات یہ ہے کہ اپنی نیند کا بہت خیال رکھیں۔