والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کی ذہنی تربیت کے ساتھ جسمانی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ تمام والدین کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کے بچے خوب تندرست اور توانا ہوں لیکن اس کیلئے انہیں چاہئے کہ وہ ان کے کھانے پینے کا خیال رکھیں۔
خاص طور پر ماں پر اس کی ذمہ داری زیادہ ہوتی ہے۔ جب بچہ چھ ماہ کا ہوجائے تو اس کے دودھ پلانے کے علاوہ ہلکی پھلکی غذائیں بھی کھلانی شروع کریں۔ چھوٹی عمر کے بچوں کوخصوصی نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ بچوں کو ٹھوس اور متوازن غذا کھلانی اگرچہ ماں کا دودھ پینے والی مدت پوری کرچکا ہے تب بھی اسے دن میں ایک چھوٹا گلاس دودھ کا ضرور پلانا چاہئے۔ دودھ میں موجود کیلشیم اور چکنائی ہڈیوں کو مضبوط کرتے ہیں اور جسم کی بڑھوتری کیلئے بہت ضروری ہوتے ہیں۔کچھ بچے کھانے کے معاملے میں ماؤں کو بہت تنگ کرتے ہیں۔ مائیں پریشان ہوکر بچے کا منہ زبردستی کھول کر غذا ٹھونسنے کی کوشش کرتی ہیں جس سے بچہ بری طرح چڑ جاتا ہے اور غذا منہ سے نکال دیتا ہے۔ بچے کو ہر وقت کھلانے کی کوشش نہ کریں۔ اس کیلئے ہمیشہ کھانے کے اوقات مقرر کریں۔