بچے کو کھانے کا عادی بنائیں

آج کل بہت سی ماؤں کا مسئلہ ہے کہ ان کا بچہ کچھ کھاتا ہی نہیں اپنے بچوں کے ہاتھوں بہت پریشان رہتی ہیں کہ نہ تو ان کے بچے وقت پر کھاتے ہیں نہ ہی غذائیت سے بھرپور غذا لیتے ہیں ۔
اس میں بچے سے زیادہ قصور آپ کا اپنا ہے ۔ بہت سی مائیں اپنے بچوں کو چند مخصوص اشیاء جیسے چپس ‘ انڈے ‘ سینڈوچ وغیرہ تک ہی محدود رکھتے ہیں اور انہیں سبزیوں ‘ دال یا چاول وغیرہ کی عادت نہیں ڈالتیں ایسے میں بچہ ان چند مخصوص اشیاء کو ہی کھانے کا عادی ہوجاتا ہے ۔ بچے کو غذائیت سے بھر پور غذا کھانے کی عادت ڈالنے کیلئے آپ کو خود بھی عملی نمونہ بننا ہوگا ۔

اگر آپ خود کھانے کی میز یا دسترخوان پر بیٹھ کر کھانے پر ناک منہ چڑھائیں گی اور ناپسندیدگی کا اظہار کریں گی تو یہ چیزیں بچے پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں ۔ ایسے میںبچہ بھی کھانے پر تنقید کا اظہار کرنے عادی ہوجائیگا ۔ آپ اپنے بچے کو بچپن سے ہی تمام چیزیں کھانے کا عادی بنائیں ۔ والدین کو چاہئے کہ وہ دسترخوان پر رکھی چیزیں باری باری چکھیں اپنی پلیٹ صاف کریں اور کھانے کے دوران سلیقہ مندی کا مظاہرہ کریں ۔ ماہرین کا خیال ہے کہ تمام بچوں کی بھوک کا معیار اور ان کی پسند و ناپسند ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے ۔ کیونکہ تمام بچوں کی جسمانی ضروریات ‘ جسم پر پرانے خلیوں کی توڑ پھوڑ اور نئے خلیوں کی تشکیل کا عمل یہ میٹابولزم ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے اور یہ ہی تمام عوامل اس کی بھوک یا پسند و ناپسند کا عمل متعین کرتے ہیں ۔