عام طور پر لوگ تین چار مہینے کے بچے کو دونوں ہاتھوں میں دبا کر بڑے پیار سے اوپر اچھالتے ہیں اور بچہ اوپر جھول کر پھر بازووں میں آکر گرتا ہے۔ بچہ بڑا خوش ہوتا ہے اور خوب ہنستا ہے۔ ماں باپ یا اس کے رشتہ دار عام طور سے بچے کے ساتھ اس طرح کا کھیل کھیلتے ہیں۔
لیکن دراصل بچہ کے ساتھ بظاہر شفقت سے بھرا ہوا یہ عمل بچہ کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹے بچوں کا سر جسم کے دوسرے اعضاء کے مقابلہ بڑا ہوتا ہے اور گلے کی رگیں نازک اور کمزور ہوتی ہیں۔ ہوا میں اچھالنے یا غصہ میں بچہ کو جھنجھوڑنے کی حالت میں ان کا سر آگے پیچھے ہلنے ڈُلنے لگتا ہے جس سے دماغ میں کافی تعداد میں خون کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے اور دماغ کے چاروں طرف جھلی بن جانے کا اندیشہ بھی ہوجاتا ہے ایسا ہونے پر بچہ کی دماغی نشو ونما رک جاتی ہے۔ اگر صحیح وقت پر اس کی جانچ پڑتال ہوجائے تو یہ جھلی دماغ کو نقصان پہنچانے سے پہلے ہٹائی جاسکتی ہے لیکن صحیح وقت پر اس کا معلوم ہوپانا بڑا مشکل ہے کیونکہ بظاہر بچہ کے جسم پر اس کا کوئی اثر دکھائی نہیں پڑتا ہے ۔ اس لئے بچہ کا علاج بھی نہیں ہوپاتا ۔