بچکنڈہ 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولوی عبدالعلیم فاروقی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت شاخ بچکنڈہ نے جامع مسجد مدنور میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شب قدر ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ اس رات میں فرشتے نازل ہوئے ہیں اور یہ سلسلہ صبح فجر تک جاری رہتا ہے۔ قرآن کریم کو اللہ تعالیٰ نے رمضان میں خاص طور پر شب قدر میں نازل فرمایا۔ شب قدر کو بہت ساری خصوصیات ہے۔ اسی رات میں فرشتوں کی پیدائش ہوئی۔ اسی رات جنت میں درخت لگائے گئے۔ اسی رات حضرت آدم علیہ السلام کا مادہجمع ہونا شروع ہوا۔ اس رات میں بندوں کی توبہ قبول ہوتی ہے۔ اس رات میں آسمان کے دروازے کھلے رہتے ہیں۔ شب قدر میں بخشش و مغفرت عام ہوتی ہے مگر چار بد نصیب اشخاص ایسے ہیں کہ شب قدر میں بھی مغفرت نہیں ہوتی۔ شراب کا عادی، والدین کا نافرمان، قطع رحمی کرنے والے رشتے ناطے توڑنے والا اور کینہ رکھنے والا۔ مزید فرمایا کہ قرآن بندوں کی ہدایت کے لئے نازل کیا گیا۔ اس لئے غیر رمضان میں بھی قرآن کی تلاوت کی جائے اور کہاکہ جن کے سینوں میں قرآن ہے ان کی قدر کی جائے اور بچوں کی دینی تعلیم کی فکر کریں اور اپنے بچوں کو حافظ و عالم بنائیں۔ موجودہ حالات میں دیہی مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ دین سے محروم ہے جس پر باطل فرقے قادیانیت و عیسائیت کی تحریکوں سے مسلمان مرتد ہورہے ہیں۔ قادیانی اسلام کے ڈاکو ہیں۔ جن علاقوں میں مسلمان معاشی اعتبار سے کمزور ہیں وہاں جاکر قادیانی و عیسائی، مسلمانوں کو علاج و معالجہ اور دیگر سہولتوں کا لالچ دے کر اُنھیں قادیانی اور عیسائی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اُنھوں نے مسلمانوں سے پرزور اپیل کی کہ قادیانی عیسائی فتنہ سے اپنے آپ کو اور اہل و عیال و دیگر مسلمانوں کو بچانے کی بھرپور کوشش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ماہ رمضان المبارک کے موقع پر فتنہ قادیانیت و عیسائیت سے متاثرہ دیہی علاقوں کا دورہ کرکے دیہاتوں کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ اس طرح کے عمل سے اُمت کا درد اور غم کی دولت نصیب ہوگی جو خاتم النبیین کی خاص وراثت ہے۔ اس موقع پر دیہات کے غریب مسلمانوں کی اعانت خود بہ نفس نفیس کریں گے تو ایک طرف آپ کی محبت ان غرباء میں پیدا ہوگی تو دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ غربت کی وجہ سے ہماری نوجوان لڑکیاں غیروں کے حوالے ہورہی ہیں۔ دوسری طرف مسلمان، قادیانی و عیسائی بن رہے۔ ان کے ایمان کی حفاظت کا سبب بنیں گے۔ مولوی عبدالعلیم فاروقی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت کی دعا پر جلسہ اختتام کو پہونچا۔ مدنور اطراف و اکناف کے سے کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔