بچکنڈہ میں ایم پی ٹی سی انتخابات کی سرگرمیاں عروج پر

بچکنڈہ۔/3اپریل،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بچکنڈہ منڈل کے ایم پی ٹی سی انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھا جارہا ہے۔ انتخابی ماحول دن بہ دن شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور ہر امیدوار کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہا ہے۔ رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے نئے نئے طریقے استعمال کئے جارہے ہیں۔ بچکنڈہ میں کانگریس پارٹی کو سخت مقابلہ درپیش ہے۔تلگودیشم پارٹی بھی اپنی موجودگی کو برقرار رکھنے کیلئے سخت جدوجہد کررہی ہے۔ چند دن پہلے تلگودیشم کے کئی قائدین اور کارکنوں نے گلی گلی، گاؤں گاؤں مہم چلائی۔ اس طرح ٹی آر ایس بھی یہی کوشش کررہی ہے۔ٹی آر ایس قائدین نے وارڈ 15میں جئے تلنگانہ جئے تلنگانہ، جئے ٹی آر ایس کے نعرے لگاتے ہوئے گھوم رہے ہیں۔ بی جے پی کے امیدوار اوم پرکاش بھومیاوار زیڈ پی ٹی سی کے انتخابات کیلئے گھر گھر مہم چلارہے ہیں۔ 6اپریل بروز اتوار رائے دہی ہوگی۔ تمام سیاسی پارٹیاں رائے دہندوں سے بڑے بڑے وعدے کررہے ہیں۔