ممبئی۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اسٹار اسپورٹس انڈیا نے ویوو پرو کبڈی لیگ کے چھٹے ایڈیشن کیلئے ہندوستان بھر میں مہم کا آغاز کیا ہے جس کا عنوان ’’بچپن کا کھیل ہے، بچوں کا نہیں‘‘ دیا گیا ہے۔ اس مہم کے ذریعہ ہندوستانیوں کی فٹنس، جذبہ اور کبڈی کے تئیں لگاؤ کو ظاہر کرنا ہے۔ ہندوستان میں کبڈی بچپن کا کھیل ہے، لیکن پیشہ ورانہ کھیل بچوں کا کھیل نہیں۔ اسی کے تناظر میں اس کا عنوان لیا گیا ہے۔ ہندوستان میں پرو کبڈی لیگ کو ہر گذرتے ایڈیشن کے ساتھ بے انتہا کامیابی حاصل ہورہی ہے اور میدانوں کے علاوہ ٹی وی پر مقابلوں کا مشاہدہ کرنے والے ناظرین کی تعداد کروڑوں تک پہنچ چکی ہے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسٹار اسپورٹس کے ترجمان نے کہا کہ پرو کبڈی لیگ چند برسوں کے دوران مقبولیت کی نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے، نیز چھٹے سیزن کو مزید شاندار اور دلچسپ بنانے کے لئے کسی قسم کی کوئی کسر باقی نہیں رکھی جارہی ہے۔