بچوں کی کوچنگ پرسائنا نہوال کی توجہ مرکوز

نئی دہلی ۔ 24 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کامیاب ترین سیزن 2014 ء کے بعد ہندوستان کی نمبر ایک بیڈ منٹن کھلاڑی سائنا نہوال کی 2015 ء میں تمام تر توجہ مزید فتوحا ت کے ساتھ خطابات حاصل کرنے کے علاوہ 2016 ء ریو اولمپک کو کامیاب بنانے پر مرکوز ہوچکی ہے۔ نیز وہ کوچنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گریٹر نیوڈا کے گور سٹی میں اپنی پہلی بیڈمنٹن اکیڈیمی کے افتتاح کے موقع پر سائنا نہوال نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2014 ء میرے لئے کافی بہترین سال رہا اور میں نے انڈین اوپن ، آسٹریلین اوپن اور چائنا اوپن کی شکل میں تین اہم خطابات حاصل کئے ہیں ، اس کے علاوہ ایشین گیمس میں برونز مڈل حاصل کیا ہے۔ 2014 ء سیزن کا میں نے عالمی درجہ بندی میں بحیثیت نویں کھلاڑی آغاز کیا تھا لیکن مذکورہ شاندار فتوحات کی بدولت درجہ بندی میں ترقی کے ذریعہ اب میں دنیا کی چوتھی بہترین کھلاڑی ہوں اور اسی درجہ کے ساتھ 2015 ء سیزن کا آغاز کروں گی اور مزید خطابات کیلئے بھی پرعزم ہوں۔