بچوں کی سالگرہ کیلئے سجاوٹ میں آپ ان تمام چیزوں کی فہرست بنائیں جن میں آپ کے بچوں کی دلچسپی شامل ہو تاکہ وہ اپنے اس خوبصورت دن کو یادگار بناسکیں۔ عموماً بچوں میں یہ بات زیادہ نوٹ کی جاتی ہے کہ وہ اپنی سالگرہ کے دن اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اپنی دلچسپی کا سامان پیدا کرسکتے ہیں۔
آپ اپنے بچوں کی سالگرہ کیلئے سجاوٹ میں یہ طریقہ بھی اپنا سکتے ہیں کہ گہرے رنگ کا پلاسٹک کا میز پوش لیں اور اس پر بچوں کی سالگرہ کے حوالے سے کئی خاص پیغام لکھیں۔ اس کے بعد اسے پٹیوں کی صورت میں کاٹ کر دروازے کی چوکھٹ پر کسی مضبوط چھڑی کے ساتھ لگادیں۔ ایسے میں بچے جب دروازے سے گزریں گے تو بیحد خوشی محسوس کریں گے۔ آپ تحفے کو سفید یا براؤن آرٹ پیپر میں پیک کریں اور پھر بچوں کی پسند کی مناسبت سے مختلف ڈیزائن کے اسٹیکرز اور تصویریں لگاکر اس پر اپنی طرف سے خاص پیغام بھی لکھ دیں۔ اس طرح تحفہ نہ صرف خوبصورت دکھائی دے گا بلکہ یہ تحفہ کھولنے والے پر بھی اچھا تاثر پیدا کرے گا۔ بچوں کی سالگرہ پر آپ صبح کے وقت انہیں پُرمسرت احساس دلانے کیلئے ان کے جاگنے سے پہلے مختلف رنگوں میں غبارے پھیلاکر ان کے ساتھ دھاگا باندھ لیں اور دھاگے کو کسی ٹافی یا چاکلیٹ سے باندھ کر بیڈ کے ساتھ ہی فرش پر رکھ دیں۔ جس سے غبارے بیڈ سے اوپر کی جانب اٹھتے ہوئے نظر آئیں گے۔ بچے جب صبح نیند سے جاگیں گے تو خوشی سے پھولے نہیں سمائیں گے۔