بچوں کی سالگرہ پہ آپ صبح کے وقت انہیں پُرمسرت احساس دلانے کیلئے ان کے جاگنے سے پہلے مختلف رنگوں میں غبارے پھلاکر ان کے ساتھ دھاگہ باندھ لیں اور دھاگے کو کسی ٹوفی یا چاکلیٹ سے باندھ کر بیڈ کے ساتھ ہی فرش پر رکھ دیں جس سے غبارے بیڈ سے اوپر کی جانب اُٹھتے ہوئے نظر آئیں۔
بچے صبح نیند سے جاگیں گے تو خوشی سے پھولے نہیں سمائیں گے۔ آپ بچوں کی سالگرہ کیلئے کیک رکھنے والی میز پر رکھی گئی دوسری چیزوں کو بھی خوبصورتی کے ساتھ سجا سکتے ہیں۔ اس کیلئے آپ پلاسٹک کے گلاس یا ٹرے پر گوند کی مدد سے مختلف رنگ اور ڈیزائن کے نگ لگالیں۔ اس سے نہ صرف میز کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا بلکہ یہ چیزیں دیکھنے والے کی توجہ کا بھی مرکز بنیں گے۔ بچوں کی سالگرہ پر کمرہ کو سجانے کے لئے آپ پارٹی کی تھیم کے مطابق کچھ رنگین فوٹو فریم خریدکر ان میں اپنے بچوں کی تصویریں لگاکر دیوار پر لٹکا دیں یا پھر سائیڈ پر پڑی ہوئی فوٹو فریمس کو میز پر رکھ دیں۔ ان کو دیکھ کر بچے بے حد خوش ہوں گے۔ اگر آپ بچوں کی پسند کے مطابق مزید نقش و نگار کرنا چاہتے ہیں تو وہ بھی کرسکتے ہیں۔