بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے والدین کو مشورہ

بیدر میں گرونانک پبلک اسکول کا سالانہ جشن، جج منگولی پریماوتی کا خطاب
بیدر۔15؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شہر کے نہرواسٹیڈیم کے قریب واقع گرونانک پبلک اسکول نے اپنا 43؍واں سالانہ جشن منایا۔ضلع سیشن جج اور ضلع قانونی خدمات بورڈ کی صدر محترمہ منگولی پریماوتی نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگراپنا مستقبل بہتر بنانا چاہتے ہوتو غیرغلط سرگرمیوں سے دور رہیں۔ اور اپنے مستقبل کے لئے والدین ؍سرپرستوں کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں۔ اور موجودہ دنیا میں اپنامقام بنانے کے لئے کتاب اور الیکٹرانک دنیا کی اہمیت کو سمجھاجائے۔ والدین اگر اپنے بچوں کو معاصر علم دلانا چاہتے ہیں توبچوں کو الیکٹرانک اشیاء کااستعمال کروائیں۔ لیکن ان پر نگاہ بھی رکھیں۔ طلبہ وطالبات کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ کتابیں پڑھتے ہوئے علم حاصل کرنے سے مستقبل میں معاونت ہوگی۔ صحت ساتھ چھوڑ سکتی ہے لیکن تعلیم کبھی ساتھ نہیں چھوڑتی ۔ انھوں نے بتایاکہ طلبہ کو ان کے والدین زیادہ وقت دیاکریں۔ اس عمل سے طلبہ کی سرگرمیوں میں تعمیرکا پہلو زیادہ آئے گا۔ وٹرنری یونیورسٹی کے ڈین جناب این اے پاٹل نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت دنیا بھر میں 139کروڑ کی آبادی رکھاکرتاہے۔ عالمی سائنس سمیلن مین 4000سائنس دانوںنے دنیا بھر سے حصہ لیا۔ لیکن افسوس کہ ہمارے ملک سے صرف 4سائنسدان شامل رہے۔ یہ ایک افسوسناک صورتحال ہے۔ ہمارے ملک کوسائنس کے میدان میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے طلبہ سائنس کے میدان میں دلچسپی لیں۔ والدین اور سرپرستوں کا اس طرف توجہ دینا ضروری ہے۔ بیدر کے اسسٹنٹ کمشنر شیوکمارشیلونت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گرونانک پبلک اسکول ایک بہتر تعلیم دینے والا ادارہ ہے۔ اس اسکول سے فارغ طلبہ ملک اور بیرون ملک اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مزید بہتر تعلیم کے لئے ادارہ کو کوشاں رہنا ہوگا۔ اس موقع پر ایک اور مہمان اعزازی اور تلنگانہ کے ڈی آئی جی سبھاش دھمالے نے ادارہ کی تعریف وتوصیف کی ۔ اس تقریب کی صدارت ادارہ کے صدر ڈاکٹر سردار بلبیر سنگھ نے کی ۔ اسکول کی انتظامی کمیٹی کی نائب صدر شریمتی ریشماں کور نے سالانہ رپورٹ پڑھ کرسنائی۔ اور بتایاکہ ادارہ گذشتہ 4دہائیوں سے تعلیم دینے کی اپنی مشغولیت میں ہے۔ گذشتہ 43سال سے اسکول کے ٹیچرس ، اور اسٹاف مع پرنسپل سخت محنت کرتے ہوئے اس مقام پر اسکول کو پہنچایاہے۔ انھوں نے تمام ٹیچرس ، غیرتدریسی اسٹاف اور دیگر کاشکریہ اداکیا۔ اس موقع پر مختلف ثقافتی پروگرام میںحصہ لینے والے انعام یافتہ طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ کھیل مقابلے میں جیت حاصل کرنے والی روزہاوز ٹیم کو ٹروفی اور اعزاز سے نوازاگیا۔ اسکول کے سالانہ جشن میں طلبہ نے زیادہ سے زیادہ تعداد میں حصہ لے کر چارچاندلگائے۔ اور دیکھنے والوں سے تالیاں اور حوصلہ افزاء کلمات وصول کئے۔ اس موقع پر پرنسپل پونہ پریا، ایچ ایم شریمتی عارفہ ہادی بھی موجودتھیں۔ اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ کے ذریعہ پونہ پریا نے دی ہے۔