بچوں کیلئے معیاری فلموں کی حوصلہ افزائی

بچوں کیلئے معیاری فلموں کی حوصلہ افزائی
حیدرآباد 12 نومبر ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر سنیماٹو گرافی ڈی کے ارونا نے کہا کہ آندھرا پردیش بچوں کی ہمہ جہتی ذہنی اور جسمانی نشو و نما کے مقصد سے بنائی جانے والی معیاری اور با مقصد فلموں کو فروغ دینے میں سب سے آگے ہے ۔ ایک خصوصی انٹرویو میں ڈی کے ارونا نے کہا کہ حیدرآباد میں بچوں کے فلم فیسٹول کے انعقاد کا مقصد ملک بھر کے تمام بچوں کو خاص طور پر دیہی علاقوں کے بچوں کو اس فیسٹول میں شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دنیا بھر کی بہتر فلمیں دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو دنیا بھر میں پیش آنے والے واقعات سے واقف کروانا اور معیاری فلمیں بنانے والوں سے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنا اس فیسٹول کے مقاصد میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ہر دوسرے سال شہر میں چلڈرنس فلم فیسٹول کے انعقاد کی اسپانسرشپ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر دو سال میں منعقد ہونے والے اس فلم فیسٹول کے انعقاد کیلئے حیدرآباد کو مستقل مقام بنادیا گیا ہے ۔ سب سے پہلے 1995 میں یہاں یہ فلم فیسٹول منعقد ہوا تھا ۔ ریاستی حکومت اس کے بعد سے بچوں کی فلمیں بنانے والے ڈائرکٹرس اور پروڈیوسرس کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔ انہوں نے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں اور مراعات سے استفادہ کریں اور صرف کمرشیل فلمیں بنانے کی بجائے معیاری تفریح فراہم کرنے والی اور شخصیت سازی میں اہم رول ادا کرنے والی فلمیں بھی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 نومبر سے شروع ہونے والے 18 ویں انٹرنیشنل چلڈرنس فلم فیسٹول میں پہلی مرتبہ 3D فلمیں بھی دکھائی جائیں گی ۔