بچوں کیلئے صحت بخش غذا

کہتے ہیں کہ بچوں میں بہت سی عادات عمر کے پہلے دو تین سالوں کے اندر اندر تشکیل پاتی ہیں، لہذا بچوں کی عمر کا یہ دور بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ اس وقت ان کے ذہن کی سادہ سلیٹ پر جو تحریر کیا جائے، وہ عمربھر کیلئے نقش ہوجاتا ہے۔ یہی وہ وقت ہوتا ہے کہ جب دوسری باتوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی غذا پر خاص طور سے توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ان کی صحت کی بنیاد مضبوط رہے۔ یہی نہیں بلکہ انہیں شروع ہی سے صحت بخش غذا کھانے کی عادت ڈالیں تاکہ آگے چل کر وہ اپنی اسی عادت پر قائم رہیں۔ اگر ایسا نہ کیا جائے تو بچے کھانے پینے کے معاملے میں بہت تنگ کرتے ہیں اور پھر ضد کرکے اپنی من پسند چیز کے سواء کسی بات پر رضامند نہیں ہوتے۔ بچوں کی پسندیدہ چیزوں میں چاکلیٹ، آئس کریم، برگر اور اسی قسم کے دوسرے جنک فوڈ سرفہرست ہیں جو ان کی غذائی ضروریات پوری نہیں کرتے بلکہ ان کی صحت پر برے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ اس لئے بچوں کے کھانے پینے کے معاملے میں کبھی سمجھوتہ نہ کریں اور انہیں شروع ہی سے صحت بخش غذا کھلانے پر توجہ دیں۔ انہیں وقت پر سب گھر والوں کے ہمراہ بٹھاکر کھانا کھلائیں تاکہ وہ سب کے درمیان رہتے ہوئے خوشی خوشی کھانا کھائیں اور ان کی یہ اچھی عادت عمر بھر قائم رہے۔