’’ آج کل کے بچے کہنا نہیں سنتے‘‘ ہر ماں کی زبان پر یہ شکوہ صبح و شام رہتا ہے کہ آخر ہم بھی بچپن کے دور سے گذرے ہیں مگر ہم بڑوںکا کہنا مانتے تھے۔
آج کل کے بچے نہ کہنا سنتے ہیں اور نہ بات مانتے ہیں، بس اپنی بات منوانا چاہتے ہیں اور اگر ان کی بات نہ مانو تو ضد پر اُتر آتے ہیں۔ بچوں سے ایسا رویہ اختیار کریں کہ آپ کو ان سے کہنا، منوانا نہیں پڑے بلکہ وہ خود بخود آپ کا کہنا مانیں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ جو بھی بات منوانا چاہتی ہیں بچوں کو مختصراً واضح کردیں غیر ضروری لکچر سے گریز کریں اور مثبت رویہ اپنائیں۔ یاد رکھیئے ایک سے نو سال کے بچے کا ذہن سوچنے اور سمجھنے سے زیادہ سیکھنے کی جانب مائل ہوتا ہے۔ بچوں پر زبردستی حکم چلانے کے بجائے آپ ان سے پیاری سی درخواست بھی کرسکتی ہیں جس سے نہ صرف بچے خوشی خوشی آپ کی بات مانیں گے بلکہ آپ کا حکم بھی بجالائیں گے۔ جب آپ کا بچہ آپ کی بات پر عمل کرنا شروع کردے گا تو اس کی حوصلہ افزائی ضرور کریں۔