بچوں کو لاحق امراض سے حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر

محبوب نگر ۔ 22 ۔ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ایم گریجا شنکر نے بتایا کہ بچوں کو 5 قسم کی بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں جس سے محفوظ رہنے کیلئے پنٹا والینٹ ویاکسن استعمال کیا جائے گا ۔ ضلع کلکٹر پیر کی شام اپنے چیمبر میں منعقدہ میڈیکل ا ینڈ ہیلتھ آفیسروں کے جائزہ اجلاس سے مخاطب تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ چھوٹے بچوں پر حملہ کرنے والی بیماریاں ہمیوفلن، انفینجو جیسے جراثیم سے فوت ہونے والے بچوں کی تعداد مرکزی حکومت کے رپورٹ کے مطابق سالانہ 72 ہزار تک پہونچ چکی ہے ۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی سفارش پر مرکزی حکومت نے ایس ویاکسن کو متعارف کروایا ۔ اس ویاکسن کو فی الحال کیرالا اور ٹاملناڈو میں استعمال کیا جارہا ہے ۔ اب مزید6 ریاستوں میں بھی اس کا استعمال کیا جائے گا جس میں تلنگانہ بھی شامل ہے ۔ ضلع میں ماہ اکتوبر سے ویاکسن کا آغاز ہوگا ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بچہ پیدا ہونے کے 6 سے 14 ہفتوں کے درمیان یہ ٹیکہ لگوانا ہوگا ۔ ضلع کلکٹر نے میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسروں پر ز ور دیا کہ ان ٹیکوں کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ تشہیر کی جائے جس کیلئے گرام پنچا یت سطح کے پنچایت سکریٹریز ، آشا ورکرس کی حدمات بھی لی جائیں ۔ یہ ویاکسن (ٹیکہ) ضلع کے تمام سرکاری دواخانوں میں اکتوبر سے دستیاب ہوگا ۔ جائزہ اجلاس میں ڈاکٹر سرسوتی ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کرشنا ڈی آئی او ، پی چندر شیکھر ریڈی ، پی ڈی ڈی آر ڈی اے ، زیڈ پی سی اور ویندر و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔