بچوں کو صحت مند اور صاف ستھرا رکھنے کی ٹپس

بچے ہماری زندگی کا خوبصورت باب ہوتے ہیں، ان کی صحت مند مسکراہٹ اور چمکتا دمکتا چہرہ ہی ہمارے چہرے پر مسکراہٹ کے پھول کھلادیتا ہے۔
جب ہم صفائی کی بات کرتے ہیں تو اس میں ہمارا گھر ، ہم خود ، ہماری فیملی، کچن، واش روم، بالکونیاں، ٹیرس، لان ، یہاں تک کہ اگر گھر میں اسٹور موجود ہے تو وہ بھی ہم سے صفائی کا مطالبہ کرتا ہے۔ خاص طور پر جب گود میں نومولود بچے کی صفائی سے پہلے خود اپنی صفائی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ اپنے ہاتھوں کے بڑھے ہوئے ناخن کاٹ لیجئے، کھلے بالوں کو باندھنا شروع کردیجئے، اپنے کپڑوں اور اِرد گِرد کے ماحول کا خاص خیال رکھیں۔ اپنے معصوم نومولود کی صفائی کا بھی خاص اہتمام کیجئے۔ اسے روزانہ نہلانا ضروری ہے اس سے قبل اس کے کانوں کی صفائی نزاکت کے ساتھ کیجئے اور جسم کا مساج ہلکے ہاتھ سے کیجئے۔ اپنے بچے کو آیاؤں کے سپرد نہ کریں۔بچوں کے دودھ کی بوتلوں، کپڑوں اور نیپکنز کی صفائی کا بہت زیادہ خیال رکھیں۔