مدرسہ محمدیہ شیخا پور میں جلسہ، مفتی خالد شاکر قاسمی کا خطاب
بچکنڈہ /31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ محمدیہ شیخا پور میں نو تعمیر عمارت کا افتتاح عمل میں لایا گیا، جس میں بطور مہمان خصوصی مفتی خالد شاکر قاسمی امام و خطیب مسجد خواجگان ناندیڑ، مفتی مختار الدین قاسمی ناظم مدرسہ ضیاء دیگلور، مولانا عبد العلیم استاد مدرسہ اشرف العلوم حیدرآباد، مولوی سید اعجاز ناظم مدرسہ عائشہ للبنات بانسواڑہ، حافظ عبد الکریم خان صدر جمعیۃ العلماء بانسواڑہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر مفتی خالد شاکر قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی اس پرفتن دور میں بھی مدارس اسلامیہ کو چلا رہا ہے۔ اس چھوٹے سے گاؤں میں سات سال قبل مدرسہ قائم ہوا اور مدرسہ ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ دین کے کاموں میں اپنا مال استعمال کرتے ہیں، اللہ تعالی آخرت میں اس کا نعم البدل عطا فرماتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مدارس دین کے مضبوط قلعے ہیں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو حافظ قرآن اور عالم دین بنائیں۔ جلسہ کا آغاز محمد الیاس متعلم مدرسہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت پاک حافظ عبد الکریم خان نے پیش کی۔ نظامت کے فرائض مفتی ابوبکر قاسمی صدر مدرس نے انجام دیئے۔ مہمانوں کا استقبال ناظم مدرسہ مولانا شبیر احمد اشاعتی نے کیا۔ اس موقع پر مفتی حامد قاسمی، مولوی معین اکبر، مولوی عبد الرحیم ناظم مدرسہ فیض القرآن، حافظ شیخ سلیم امام و خطیب جامع مسجد شیخاپور، جناب اسعد علی سینئر قائد ٹی آر ایس، جناب کلیم پٹیل سینئر قائد تلگودیشم، شیخ شبیر احمد کے علاوہ علماء، حفاظ، ڈاکٹرس اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مدرسہ محمدیہ شیخا پور کے ششماہی امتحان میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کو مہمان خصوصی کے ہاتھوں انعام سے نوازا گیا۔