بچوں کو تعلیم ترک نہ کرنے کا مشورہ

سرپور ٹاؤن 25 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر کے گرلز اپر پرائمری اسکول اُردو میڈیم کو اُردو اکیڈیمی آندھراپردیش کی جانب سے 20 ہزار روپئے کی منظوری ہونے پر اُردو میڈیم طلباء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اسکول کے بچوں کو بیٹھنے کیلئے بنچوں کا انتظام کیا گیا۔ اس ضمن میں 21 اپریل کو نئے بنچوں کی افتتاحی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے منڈل ایجوکیشن آفیسر پربھاکر، سونپیٹ اُردو میڈیم ہیڈ ماسٹر محمد خلیل الدین، سی آر پی سنتوش کمار اور ایس ایم سی کمیٹی چیرمین محمد خالق حسین کے علاوہ اُردو میڈیم ٹیچرس محترمہ عائشہ بیگم، محترمہ شہناز بیگم، شاہانہ فاطمہ، لائق فاطمہ کے علاوہ اُردو میڈیم طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر منڈل ایجوکیشن آفیسر پربھاکر نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ آج اس مسابقتی دور میں خانگی اسکولوں کے برابر سرکاری اسکولوں میں بھی بچوں کو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اس لئے عوام کو چاہئے کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری اسکولوں میں تعلیم دلوائیں۔ اُنھوں نے اُردو میڈیم کے طلباء کو مشورہ دیا کہ تعلیم کو ترک نہ کریں۔ ہیڈ ماسٹر محمد عزیز خان کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔