سنگاریڈی ۔29اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ضلع میدک کو 11انگلش میڈیم اقلیتی اقامتی اسکولس منظور ہوئے جن میں 6لڑکوں کیلئے 5لرکیوں کیلئے شامل ہیں ۔ ان اقامتی اسکولس میں سال 2016-17ء کے تعلیمی سال سے پانچویں ‘ چھوٹیں اور ساتویں جماعت کے طلباء و طالبات کو ماہ جون سے تعلیم کا آغاز عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اولیائے طلبہ سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ انگلش میڈیم اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کیلئے پہل کریں ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر میدک مسٹر رونالڈ روز نے احاطہ جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی میں تشہیری ویان کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے ضلع میدک کے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ان انگلش میڈیم اقلیتی اقامتی اسکولس میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو شریک کرواتے ہوئے حکومت کی جانب سے معیاری تعلیم کی سہولت سے استفادہ کریں ۔ حکومت کا مقصد ہیکہ اقلیتوں کو بھی تعلیمی اور معاشی طور پر مستحکم کرتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کی طرح مسلمانوں بھی ہر شعبہ حیات میں سر اٹھاکر جی سکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میدک کے پانچ مقامات سنگاریڈی ‘ گجویل ‘ نارائن کھیڑ ‘ نرسا پور اور ظہیرآباد میں لڑکیوں کیلئے جبکہ سدا سیوپیٹ ‘ پٹن چیرو ‘ میدک ‘ اندرول ‘ سدی پیٹ اور دوباک میں لڑکوں کیلئے اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں ۔ ضلع کلکٹر نے صلع میدک کے مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ اپنے بچوں کو ان اقامتی اسکولس میں شریک کروائیں جس کا ویب سائیٹ tmreis.telangana.gov.inاپنے بچوں کے داخلے آن لائن رجسٹریشن کروایا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پر پراجکٹ آفیسر سرواسکھشاابھیان ضلع میدک شیخ یاسمین باشاہ و دیگر موجود تھے ۔