بچوں میں قرآن کی تلاوت کو معمولات زندگی بنانے کی تلقین

مدرسہ مدینۃ العلوم نظام آباد کے جلسہ دستار بندی سے مفتی سعید اکبر کا خطاب
نظا م آباد :19؍جون ( محمد جاوید علی)مدرسہ مدینتہ العلوم کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ دستاربندی الحاج محمد عبداللہ خان خازن مدرسہ ہذا کی صدارت میں جلسہ ستاربندی منعقد ہوا جس میں امسال حفظ قرآن مجید تکمیل کرنے والے طالب علم حافظ عبدالکریم ساکن بہار اسٹیٹ کی دستاربندی مہمان خصوصی الحاج مفتی سعیدا کبر صدر مجلس تحفظ ختم نبوت و امام و خطیب جامع مسجد نظام آباد کے دست مبارک سے انجام پائی ۔ مدرسہ کی جانب سے تکمیل حفظ پر طالب علم کو مبلغ 1000 روپئے بطور انعام ترغیبی دیا گیا ۔ اس موقع پر مفتی صاحب نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اپنے بچوں کو روزمرہ کے مامولات میں تلاوت قرآن مجید پابندی سے عمل میں لانا چاہئے ۔ آج کل بچوں کے اندر دینی تعلیم سے بہت بے رغبتی عمل میں آرہی ہے اور مدارس میں طلبہ کی تعداد جو کم ہوتی جارہی ہے اس سلسلہ میں تبصرہ کرتے ہوئے مفتی صاحب نے فرمایا کہ مدرسہ کے ذمہ داروں اور اہل ثروت لوگوں کو بھی اپنے بچوں کو مدرسہ میں دینی تعلیم اور تکمیل حفظ کیلئے مدرسوں میں شریک کرنا چاہئے ۔ دشمنان اسلام کی مسلسل منظم سازش چل رہی ہے لہذا ہم لوگوں کو قرآن شریف کی تعلیمات کو عام کرنا چاہئے اور اپنے بچوں کو حافظ قرآن مجید بنانا چاہئے تاکہ اپنے ایمان اور اعمال کی حفاظت ہوسکے۔ جلسہ کا آغاز مدرسہ کے طالب علم سید عبدالکریم کی تلاوت پاک سے ہوااور طالب علم محمد اظہر الدین نے حمد پاک پیش کی اور نعت شریف کا نذرانہ طالب علم محمد عبدالمعیز نے پیش کیا۔ جلسہ کی نظامت مدرسہ کے معلم حافظ محمد قاسم علی نے انجام دئیے ۔ اس موقع پر مولانا محمد عبدالقیوم شاکر قاسمی اور الحاج محمد عبدالوہاب معتمد مدرسہ ہذا اور مرغوب الحسن خان خادم مدرسہ ہذا و محمد منہاج علی معلم عصری تعلیم و محمد عبدالحفیظ ( شکیل ) پریسیڈنٹ کانگریس وارڈ نمبر 20 ، حفاظ اکرم کے علاوہ مقامی علماء ، طلباء کرام و اہلیان محلہ و عملہ مدرسہ مخلصین و معاونین مدرسہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مفتی سعید اکبر کی رقعت انگیز دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔