سرپور ٹاون میں اسسٹنٹ لیبر آفیسر محترمہ مظہر النساء بیگم کا بیان
سرپور ٹاون یکم فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ حکومت کی جانب سے بچہ مزدوری کے خاتمہ کیلئے ریاست گیر مہم کا آغاز کیا گیا ہے تا کہ بچہ مزدوری کا خاتمہ ہو اور ہر ایک بچہ تعلیم یافتہ بن سکے ۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ لیبر آفیسر محترمہ مظہر النساء بیگم نے اپنے آفس کاغذ نگر میں اردو نامہ نگاروں سے کیا ۔ اس موقع پر انچارج منڈل ایجوکیشن آفیسر بکشا پتی اور رول سب انسپکٹر آف پولیس ستیہ نارائن بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ لیبر آفیسر محترمہ مظہر النساء بیگم نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے 14 سال سے کم عمر کے لڑکے اور لڑکیوں کو بچہ مزدوری کے ذریعہ اپنے اپنے دوکانات اور کرانہ اسٹور ،ہوٹلوں ،چکن سنٹروں اور جنرل اسٹور میں کام کروانے پر دوکانات کے مالک کے خلاف کیس رجسٹر کرنے کا انتباہ دیا گیا ۔ اس ضمن میں اسسٹنٹ لیبر آفس کے حدود میں آصف آباد کاغذ نگر ،سرپو رٹاون ،کوٹالہ ،بجور کے مختلف گاڑی میں محکمہ پولیس عہدیداروں اور محکمہ لیبر کے عہدیداروں کی جانب سے مختلف دوکانات کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلی معائنہ کیا جارہا ہے اور بچہ مزدوری کرنے کے دوران ملنے پر محکمہ ایجوکیشن کے حوالے کرتے ہوئے بچہ مزدوروں کو اعلی تعلیم جاری رکھنے کیلئے اسکولوں اور ہاسٹلوں میں داخلہ دیا جارہا ہے تا کہ بچہ مزدور بھی تعلیم یافتہ بن سکے ۔ اس ضمن میں آج رورل سب انسپکٹر آف پولیس ستیہ نارائن کاغذ نگر نے مختلف دوکانات پر دھاوا کرتے ہوئے 4 بچہ مزدوروں کی نشاندہی کرتے ہوئے چار بچوں کو اسٹنٹ لیبر آفس اور منڈل ایجوکیشن آفیسر کے حوالے کیا گیا ۔ ان چار بچہ مزدوروں میں 12 سالہ ارباز ،13 سالہ سلمان ،9 سالہ ومشی اور 8 سالہ شیوا چکن سنٹر اور کرانہ اسٹوروں میں مزدوری کرنے کی نشاندہی کی گئی اور ان چار بچہ مزدوں کو دوبارہ اسکولوں میں داخلہ دلوانے کیلئے اقدامات کا تیقن دیا گیا اور 14 سال سے کم عمر کے لڑکے اور لڑکیوں کو دوکانات میں رکھنے پر قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ۔