بچوں سے جنسی زیادتی: ویٹیکن کے سابق مالیاتی سربراہ کوسزائے قید

وٹیکن سٹی ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)آسٹریلیائی کارڈینل اور ویٹیکن کے مالیاتی امور کے سابق سربراہ جارج پَیل کو بچوں سے جنسی زیادتی کے جرم میں چھ سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ اس وقت 70 سالہ کارڈینل پَیل کو دسمبر میں ایک آسٹریلوی عدالت نے قصور وار قرار دے دیا تھا۔ انہیں یہ سزا آج چہارشنبہ کو میلبورن کی ایک عدالت نے سنائی۔ ان پر یہ الزام ثابت ہو گیا تھا کہ انہوں نے 1990ء کی دہائی میں کیتھولک کلیسا کے ایک کوائر میں شامل دو نابالغ لڑکوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ پَیل نے اپنے بے قصور ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور ان کے وکلاء نے اس سزا کے خلاف اپیل بھی دائر کر دی ہے۔ جارج پَیل کیتھولک کلیسا کے آج تک کے وہ اعلیٰ ترین سابقہ اہلکار ہیں، جنہیں بچوں سے جنسی زیادتی کے جرم میں سزائے قید سنائی گئی ہے۔