بوکو حرام کی شکست کیلئے مسلمانوں اور عیسائیوں کی دعائیں

ابوجہ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمالی نائجیریا کی بورنو ریاست کے روایتی حکمراں ابوبکر ابن عربی الکیمی نے اس ملک کے مسلم اکثریتی شمال مشرقی علاقہ کے عیسائیوں اور مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بوکو حرام کی شورش و تخریب کاری کو شکست کے مقصد سے آسمانی مداخلت اور نصرت کیلئے مشترکہ دعائیں کریں۔ بورنو کے روایتی حاکم یا ’’شیہو‘‘ ابن غربی نے ایک بیان میں کہاکہ ’’میں اپنی ریاست کے سارے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمیں درپیش بحران اور تمام مصیبتوں کے خاتمہ کیلئے اللہ تعالیٰ سے رحم و مدد حاصل کرنے کیلئے تین دن تک روزے رکھیں۔ مجھے یقین ہے کہ ہمیں درپیش بحران اور مصیبتوں کی یکسوئی کے لئے اللہ تعالیٰ سے مدد حاصل ہوتی رہے گی‘‘۔ نائجیریا کے صدر گڈلک جوناتھن نے بھی خدائی مدد و نصرت کے حصول کیلئے خصوصی عبادات اور مشترکہ دعاؤں کے اہتمام کی خواہش کی ہے۔

واضح رہے کہ نائجیریا میں بوکو حرام کی خونریزی میں حالیہ عرصہ کے دوران ہولناک اضافہ ہوا ہے۔ اس انتہا پسند تنظیم کے کارکنوں نے نہ صرف غیر مسلموں بلکہ مسلمانوں کو بھی بڑے پیمانے پر قتل و غارت گری کا نشانہ بنایا ہے۔ بوکو حرام 2009 ء تک ایک پرامن تنظیم تھی جو رشوت کے خلاف جدوجہد کیا کرتی تھی لیکن بعد میں اس نے ملک میں اسلامی نظام حکومت کا نعرہ لگاتے ہوئے پرتشدد سرگرمیوں کا آغاز کردیا تھا۔ تاہم مسلمانوں کی اکثریت نے اسلامی حکومت کے قیام کا نعرہ لگانے والی اس تنظیم بوکو حرام کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ریاست کے تمام مسلمانوں اور عیسائیوں سے خواہش کی کہ منگل سے روزے شروع کئے جائیں اور اُمید ظاہر کی کہ عوام اپنی مصیبتوں سے نجات کیلئے خصوصی عبادات کے ذریعہ خدائی مدد حاصل کرتے رہیں گے۔