گوہاٹی 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام )تشدد زدہ علاقہ بکسا اور کوکرا جھار کے علاوہ پڑوسی علاقہ چیرانگ اضلاع میں جہاں این ڈی ایف بی ۔ سوم بی جیت عسکریت پسند گذشتہ جمعرات کو فسادات میں 34 افراد کو ہلاک کرچکے ہیں۔ آج کرفیو میں تین گھنٹے کی نرمی دی گئی۔ کوئی تازہ ناخوشگوار واقعہ تاحال پیش نہ آنے کی وجہ سے انتظامیہ نے جمعہ کی رات سے نافذ امتناعی احکام میں نرمی دینے کا فیصلہ کیا گھا ۔ فوج کا فلیگ مارچ جاری ہے تا کہ عوام کا اعتماد بحال کیا جاسکے ۔فوج متاثرہ علاقوں میں طلایہ گردی کررہی ہے تا کہ تشدد کے مزید پھیلاؤ کو روکا جاسکے ۔ تازہ حملوں کی جمعہ کے دن سے کوئی اطلاع نہیں ملی ۔ آئی جی پی ایل اے بشنوئی نے دعوی کیا کہ کل ایک بڑے حملے کو ٹال دیا گیا جبکہ این ڈی ایف بی کے دو عسکریت پسند دیہات بکسال میں انکاونٹر کے دوران ہلاک کردیئے گئے ۔ دو خواتین کی نعشیں جو سمجھا جاتا ہے کہ فرار کی کوشش میں ڈوب کر ہلا ک ہوگئی ہیں،برآمد ہوگئیں۔ جس کی وجہ سے بار پیٹا روڈ پولیس اسٹیشن کے دائرہ کار میں ہلاک ہونے کی تعداد 34 ہوگئی۔