بوچارڈکو مقدمہ میں کامیابی

نیویارک۔24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )کینیڈا کی ٹینس سٹار یوگینی بوچارڈ نے امریکہ ٹینس اسوسی ایشن کیخلاف عدالتی مقابلہ جیت لیا جس کے باعث انہیں لاکھوں ڈالرس کی رقم ملے گی۔تفصیلات کے مطابق 2015میں یوایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے دوران یوگینی بوچارڈ پریکٹس سیشن کے دوران ہال میں فرش پر پھسلنے سے گرگئی تھیں اور ان کے سر پر شدید چوٹ لگی جس سے انہیں ناصرف ایونٹ سے دستبردار ہوناپڑابلکہ ان کا کیریئر بھی بری طرح متاثر ہوا۔حادثے کے وقت وہ عالمی درجہ بندی میں 5 ویں مقام تھیں جبکہ آج ان کا 116 واں مقام ہے۔ٹینس اسٹار نے امریکہ ٹینس اسوسی ایشن کے خلاف مقدمہ دائرکیا تھاکہ وہ ہال میں صفائی کیلئے گرائے گئے کیمیکل سے پھسل کر گری تھیں جس کے باعث ان کاکیریئر تباہ ہوکررہ گیاہے ،امریکہ ٹینس اسوسی ایشن ان کے نقصان کا ازالہ کرے۔امریکی جیوری نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ حادثے کی 75 فیصد ذمہ داری امریکہ ٹینس اسوسی ایشن کی ہے ،اس لئے اسوسی ایشن یوگینی بوچارڈ کے نقصان کاتخمینہ لگاتے ہوئے 75فیصد رقم اداکرے۔اس مقدمہ میں فتح سے یوگینی بوچارڈ ملین ڈالرز کی رقم ملنے کا امکان ہے جس کا تعین بعدمیں کیاجائے گا۔