بوپنا کی آسٹریلین اوپن مہم کا اختتام

ملبرن ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار روہن بوپنا کا آسٹریلین اوپن میں چیلنج آج مکسڈ ڈبلز کوارٹر فائنلز میں پارٹنر یونگ۔جان چان کے ساتھ صدمہ انگیز شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ تھرڈ سیڈ انڈو۔ تائپی ٹیم کو سلوینیائی اینڈریا کلیپاک اور فلپائنی ٹریٹ ہوے کی بنا سیڈ والی جوڑی کے مقابل شو کورٹ 2 پر منعقدہ مقابلے میں محض 55 منٹ میں 2-6، 5-7 سے ناکامی ہوئی۔ تاہم ایک ہندوستانی ضرور مکسڈ ڈبلز ایونٹ کے سیمی فائنلز میں داخل ہونا یقینی ہے کیونکہ ثانیہ مرزا اور لینڈر پیس کا جمعرات کو اپنے متعلقہ پارٹنرز کے ساتھ ایک دوسرے سے مقابلہ رہے گا۔ دریں اثناء جونیر گرلز میں سنگلز اور ڈبلز دونوں زمروں میں ہندوستانیوں کی شکست کے ساتھ انڈین چیلنج ختم ہوگیا۔