بنگلور ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ڈبلز ٹیم کے اسٹار کھلاڑی روہن بوپنا نے کہا ہیکہ 2012ء لندن اولمپکس کے دوران ان کے لینڈر پیس کے ساتھ جو اختلافات ہوئے تھے اس کو کافی عرصہ ہوچکا ہے لہٰذا وہ ریو اولمپکس میں ہم وطن کھلاڑی پیس کے ساتھ جوڑی بنانے کیلئے تیار ہیں بشرطیکہ کھلاڑیوں کو فٹنس مسائل کا سامنا نہ رہے۔ پیس نے اس وقت اپنی برہمی کا اظہار کیا تھا جب روہن بوپنا نے ملک کے ایک اور سینئر کھلاڑی مہیش بھوپتی کے ساتھ جوڑی بنا لی تھی حالانکہ ابتداء میں انہوں نے پیس کے ساتھ جوڑی بنانے کی بات کہی تھی۔ پیس کے ساتھ اچانک جوڑی بنانے کی جو بات کہی اس پر بوپنا سے میڈیا نمائندوں نے جب استفسار کیا تو انہوں نے کہا کہ اب وہ کافی سلجھے ہوئے کھلاڑی بن چکے ہیں جبکہ پیس کے ساتھ ان کے جو اختلافات ہوئے اس کو کافی عرصہ ہوچکا ہے۔ بوپنا نے مزید کہا کہ آپ ماضی کی تلخ یادوں کو ہمیشہ تازہ نہیں رکھ سکتے۔ لہٰذا بہتر ہیکہ اب آگے بڑھا جائے۔ بوپنا نے مزید کہا کہ وہ 2015ء سیزن میں پیس کے ساتھ جوڑی بنا کر مقابلوں میں شرکت کرنا چاہتے ہیں تاکہ 2016ء ریو اولمپکس سے قبل انہیں بحیثیت جوڑی مقابلوں میں شرکت کرنے کا موقع مل سکے۔ ڈیوس کپ میں کل کھیلے جانے والے مقابلے کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے بوپنا نے کہا کہ ہفتہ کا مقابلہ ہم اس لئے ساتھ کھیل رہے ہیں کیونکہ مجموعی طور پر ہم ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہیں اور ڈیو س کپ کیلئے بہتر مظاہرہ کا جذبہ ہمیشہ مضبوط ہوتا ہے۔ بوپنا نے مزید کہا کہ وہ کئی برسوں سے پیس کو جانتے ہیں جو مقابلہ کے دوران تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہیں تاکہ کامیابی حاصل ہوسکے۔