ہوبارٹ ۔ 29 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلش آل راؤنڈر روی بوپرا کی 7 چھکوں پر مشتمل ناقابل تسخیر نصف سنچری بھی آسٹریلیا کی فتوحات کے سلسلہ کو روک نہیں پائی جیسا کہ میزبان ٹیم نے پہلے ٹوئنٹی 20 مقابلے میں 13 رنز کی کامیابی حاصل کرلی ۔ 214رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کئے حالانکہ بوپرا نے لوور آرڈر میں محض 27 گیندوں میں 2 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 65 رنز اسکور کئے ۔ دوسرا اعظم ترین اسکور جیو روٹ نے بنایا جنھوں نے 24 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 32 رنز اسکور کئے ۔ آسٹریلیا کیلئے کلٹرنائیل نے 30 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 214رنز اسکور کئے جس میں اوپنر کیمرون وائیٹ نے 43 گیندوں میں 6 چوکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 75 رنز اور آرون فنچ نے 31 گیندوں میں 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی ۔ میزبان ٹیم کو شاندار شروعات فراہم کرنے والے وائیٹ کو مقابلے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ۔
رانجی فائنل کے پہلے دن مہاراشٹرا 272/5
حیدرآباد ۔ 29 جنوری ۔ ( سیاست نیوز ) چراغ کھرانہ اور انکیت باونے کی نصف سنچریوں کی بدولت آج یہاں حیدرآباد کے راجیوگاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے رانجی ٹرافی کے فائنل کے پہلے دن مہاراشٹرا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ اوپنر کھرانہ نے 8 چوکوں کی مدد سے 64 اور انکیت نے 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 89 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو پہلا نقصان 24 رنز پر ہوا ۔ کھڈی ویل (15) ، وجئے زول (5) ، کیدرجے دیو (37) اور روہت موتوانی (17) پویلین لوٹ چکے ہیں۔
دن کے اختتام پر دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین سنگم رتیتکر نے 29 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ کرناٹک کے لئے ابھیمنو متھن نے 44 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ باونے نے ایک ایسے موقع پر ناقابل تسخیر نصف سنچری کی اننگز کھیلی ہے جس کی مہاراشٹرا کو ضرورت تھی کیونکہ جس وقت 73 ویں اوور کی پہلی گیند پر کپتان موتوانی آؤٹ ہوئے اُس موقع پر ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 215 رنز تھا اور ٹیم کے ابتدائی پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے ۔ چھٹی وکٹ کیلئے ناٹ آؤٹ بیٹسمینوں کے درمیان 57 رنز کی اہم پارٹنر شپ ہوچکی ہے ۔