بولٹ اور براڈ مین کے کرئیرکے اختتام کا دلچسپ پہلو

لندن ۔7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) اسپرنٹ کیریئر کی وداعی دوڑ میں ناکامی کے بعد عظیم ترین ایتھلیٹ یوسین بولٹ کو ایتھلیٹکس کا ڈان بریڈمین قرار دیا جارہا ہے۔ دونوں ہی کھیلوں کے میدان سے رخصتی یادگار نہ بناسکے۔ ان کے کیریئر کا آسٹریلیائی سابق کپتان بریڈمین سے موازنہ کیا جارہا ہے۔ڈان بریڈمین بھی اپنی آخری اننگز میں صفر پر آوٹ ہو گئے تھے۔ بولٹ اور بریڈمین دونوں کے لئے لندن خاص رہا۔ بولٹ نے اولمپک اسٹیڈیم میں آخری دوڑ میں شرکت کی جبکہ بریڈمین نے اوول میں اپنی آخری اننگز کھیلی۔ دونوں واقعات اگست کے مہینے میں ہوئے۔بولٹ 5 اگست 2017 کو آخری مرتبہ ایکشن میں نظر آئے جبکہ بریڈمین نے 14 اگست 1948 کو آخری اننگز کھیلی۔ انہیں اپنی اوسط 100تک لے جانے کے لئے صرف چار رنز کی ضرورت تھی لیکن وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی بولڈ ہوکر رخصت ہوگئے۔ انہوں نے 52 ٹسٹ میں 99.94کی اوسط سے 6996 رنز بنائے۔ اسی طرح بولٹ کو گولڈ میڈل کی بجائے برونز میڈل سے اکتفا کرنا پڑا۔بولٹ نے اپنے کیریئر میں 11 ورلڈ اور 8 اولمپک میڈل جیتے۔