بولنگ کے مختلف انداز سیکھ رہا ہوں

وانگیری 2؍ فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایشور پانڈے کو آخر کار نیوزی لینڈ کے دورہ میں کھیلنے کا موقع مل گیا اور انہوں نے دو دن کے وارم اپ میچ میں 14 اووز میں تین وکٹس حاصل کرتے ہوئے سب کی توجہ مبذول کرائی ہے ۔ وہ ہندوستانی ٹیم کے نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد تقریباً تین ہفتوں سے انتظار کر رہے تھے اور آج انہیں یہ موقع مل گیا جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا ۔ یہ چونکہ وارم اپ میچ ہے اور سرکاری فرسٹ کلاس گیم نہیں اس لئے پانڈے کا سینئر ٹیم کے لئے یہ پہلا مظاہرہ ریکارڈ بک میں شامل نہیں کیا جائیگا ۔ اس کے باوجود کپتان مہندر سنگھ دھونی یقیناً پانڈے کے مثبت رویہ سے متاثر ہوں گے ۔ دھونی نے آخری ونڈے میچ کے بعد کہا تھا کہ پانڈے کی بولنگ کے سلسلہ میں مزید بہتری کی ضرورت ہے ۔

اس بارے میں پانڈے سے جب پوچھا گیا کہ انہوں نے کہا تھا کہ مختلف نوعیت کی بولنگ کے درمیان فرق کے بارے میں انہوں نے بہت کچھ سیکھا ۔ انہیں یہ جاننے کا موقع ملا کہ ونڈے اور ٹوئنٹی 20 بولنگ کی نوعیت کیا ہونی چاہئے ۔ کس طرح کی بولنگ فائدہ مند ہوگی اور کس طرح کی غیر فائدہ مند ہوگی ۔ اس کے علاوہ وہ یہ بھی سیکھ رہے ہیں کہ ٹسٹ میں بولنگ کس طرح کی جائے ۔ مدھیہ پردیش کے فاسٹ بولر نے آج کے مظاہرہ پر خوشی کا اظہار کیا ۔ آج کے میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لئے ایک بہترین موقع تھا ۔ انہوں نے ویسی ہی بولنگ کی کوشش کی جیسی وہ ڈومیسٹک میچ میں کرتے ہیں ۔ ان کی ساری توجہ لائن اینڈ لینتھ پر تھی اور انہوں نے وکٹس لینے پر توجہ نہیں دی ۔ ڈومسیٹک مقابلوں میں انہوں نے ایسا ہی کیا تھا ۔ یہاں بھی نہ صرف اپنے بلکہ ٹیم کے مفاد میں ہی حکمت عملی اپنائے ہوئے تھے ۔ پانڈے نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں وہ عنقریب جگہ بنالیں گے ۔ انہیں خوشی ہے کہ آج بولنگ کا موقع ملا اور بہت جلد ہندوستانی ٹیم میں نمائندگی کا موقع بھی انہیں ملے گا ۔

ٹی 20 میں آسٹریلیا کی کلین سوئپ
سڈنی ۔ /2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے ٹی 20 کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کو 84 رنز سے شکست دیتے ہوئے 3-0 سے سیریز جیت لی ۔ آسٹریلیا کے مین آف دی میچ جارج بیلی نے 20 گیندوں میں 49 ناؤٹ آؤٹ رنز بنائے ۔ آسٹریلیا نے 195 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ 111 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔