بولروں کا شاندار مظاہرہ ،ہندوستان سبقت کی سمت گامزن

اڈیلیڈ۔7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آف اسپنر روی چندرن اشون کی قیادت میں بولروں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندستان نے پہلے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن یہاں آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 191 رنز پر اس کے سات وکٹ حاصل کر کے میزبان ٹیم کو پست کر دیا۔ ہندستانی کرکٹ ٹیم نے پہلی اننگز میں88 اوور میں250 رنز بنائے ۔ صبح ٹیم کا باقی واحد وکٹ محمد سمیع کے طور پر گرا جو دن کی پہلی ہی گیند پر کل کے اپنے اسکور 6 رنز پر جوش ہیزل ووڈ کا شکار بنے ۔ اس کے بعد میدان پر اتری آسٹریلیائی ٹیم کے بیٹسمینوں کو بھی مشکل ایڈیلیڈ اوول کی پچ پر خاص مدد نہیں ملی اور دن کے اختتام تک88 اوور میں191 رنز جوڑ کر اس نے اپنے سات وکٹ گنوا دیئے ۔آسٹریلیا اب ہندستان کے اسکور سے59 رنزپیچھے ہے اور اس کے تین وکٹ باقی ہیں۔ ٹریوس ہیڈ61 رنز اور مچل اسٹارک8 رنز بنا کر کریز پر ہیں۔ پہلے دن آسٹریلیائی بولروں کی طرح دوسرے دن ہندستانی بولرس میدان پر غالب نظر آئے جس میں سب سے کامیاب تجربہ کار اشون رہے جنہوں نے33 اوور میں1.51 کے بہترین اوسط سے50 رنز دے کر تین وکٹ لے ۔ فاسٹ بولر ایشانت شرما کو15 اوور میں 31 رن اور جسپریت بمراہ کو34 رنز پر فی کس دو وکٹ ملے ۔ ہندستانی خاص طور اوپننگ آرڈر کی طرح آسٹریلیائی ٹیم کے بیٹسمینوں کی بھی حالت نظر آئی جنہیں میچ میں آغاز سے کافی جدوجہد کرتے دیکھا گیا اور ٹیم کے اسٹار اوپنر آرون فنچ تین گیندوں بعد ہی کھاتہ کھولے بغیر ایشانت کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ مارکس ہیرس اور عثمان خواجہ نے پھر دوسری وکٹ کے لئے 45 رنز جوڑے لیکن اس شراکت کو اشون نے توڑتے ہوئے ہیرس کو مرلی وجے کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ ہیرس نے57 گیندوں میں تین چوکے لگا کر26 رن بنائے لیکن دوسرے سرے پر وکٹ گرتے رہے اور شان مارش 19 گیندوں میں صرف دو رنز بنا کر اشون کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ آسٹریلیا نے59 رنز پر اپنے تین اہم وکٹ گنوا دیئے ۔ عثمان خواجہ نے125 گیندوں کھیل کر دیر تک ٹکنے کا جذبہ دکھایا لیکن وہ اننگز میں صرف 28 رنز بنا پائے اور اشون نے انہیں وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکر میچ میں اپنا تیسرا وکٹ حاصل کر لیا۔مڈل آرڈر میں پیٹر ھیڈاسکوب اور ہیڈ نے مل کر پانچویں وکٹ کے لئے 33 رن کی ساجھے داری کی اور بورڈ پر کچھ رنز شامل کرنے کی کوشش کی۔ ہندستانی بولروں نے کافی کنجوسی سے رن دیئے جس کی وجہ سے آسٹریلیائی بیٹسمینس مسلسل رنز کے کیلئے جدوجہد کرتے نظر آئے ۔ ہیڈاسکوب نے 93 گیندوں کی اننگز میں پانچ چوکے لگا کر34 رن بنائے لیکن 58 ویں اوور میں فاسٹ بولر بمراہ نے انہیں پنت کے ہاتھوں کیچ کراکر آسٹریلیا کا پانچواں وکٹ نکال دیا۔آسٹریلیا نے 120 رنز پر اس کے پانچ وکٹ گنوا دیئے ۔