ناٹنگم ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے خلاف یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن چائے کے وقفہ تک ہندوستان ٹیم نے مقابلہ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے جیسا کہ بیٹنگ میں دسویں وکٹ کیلئے 112 رنز کی پارٹنر شپ نبھانے والے فاسٹ بولروں کی جوڑی بھونیشور کمار اور محمد سمیع نے فی کس دو وکٹیں بھی حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 205/7 تک نہ صرف محدود رکھا ہے بلکہ ٹیم کو ابھی بھی 252 رنز کی ایک شاندار سبقت حاصل ہے۔ مذکورہ فاسٹ بولروں کی جوڑی کے علاوہ ایشانت شرما نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ انگلینڈ کیلئے کپتان کک (5) کے 9 رنز کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہونے کے بعد سیم رابنسن (59) اور بیلنس (71) نے دوسری وکٹ 125 رنز پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو ابتدائی نقصان سے باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن ایشانت شرما کی جانب سے رابنسن کو آوٹ کرنے کے بعد انگلینڈ کی وکٹوں کے زوال کا سلسلہ شروع ہوا۔ قبل ازیں ہندوستان نے محمد سمیع (51*) اور کمار (58) کی بدولت پہلی اننگز میں 457 رنز اسکور کئے۔