بولرس کیلئے سازگار پچس کی ہدایت نہیں دی گئی: مائیک ہیسن

آکلینڈ 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن نے ہندوستان کے خلاف 6 فبروری سے شروع ہونے والی دو ٹسٹ میچس کی سیریز کیلئے حالانکہ گھاس والی پچس کی تائید کی تھی لیکن اب ان کا کہنا ہے کہ میزبان ٹیم انتظامیہ کی جانب سے کیوریٹرس کو بولرس کیلئے سازگار پچس کی تیاری کی ہدایت نہیں دی جاتی ۔ ہیسن نے کہا کہ ایڈن پارک میں جو پچ تیار ہوئی ہے اس پر گھاس دکھائی نہیں دیتی ۔ جو پچس پہلے سے تیار ہوکر آتی ہیں ان پر گھاس نہیں ہوتی اور یہ اپنے انداز کی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کی پچس تیار کرنے کا کوئی حکم نہیں دیتے لیکن ہم یہ واضح کردیتے ہیں کہ ہمیں کس طرح کی پچس چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اس میں میزبان ٹیم کیلئے بھی خطرہ ہوسکتا ہے کیونکہ یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ ہندوستانی فاسٹ بولرس کتنی اہلیت رکھتے ہیں اور ان پچس سے کتنا فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ہیسن نے تاہم اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستانی نژاد اش سوڈھی کو نیوزی لینڈ کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو ہندوستان کے خلاف دو ٹسٹ میچس کھیلے گی ۔ 21 سالہ لیگ اسپنر سوڈھی پانچ ٹسٹ میچس میں کھیل چکے ہیں ۔ وہ ڈانیل ویٹوری کے غیاب میں ٹیم میں اسپین بولر کی ذمہ داری نبھائیں گے ۔ ہیسن نے کہا کہ اش سوڈھی اچھی کارکردگی دکھاتے آئے ہیں۔ ان کا مظاہرہ مستقل مزاجی والا ہے ۔ فی الحال وہ نیوزی لینڈ کو دستیاب بہترین اسپن بولر ہیں اور وہ صرف 21 سال کے ہیں اس سے ٹیم کو زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے ۔ اس بات کا امکان تاہم کم ہی ہے کہ سوڈھی کو قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں شامل کیا جائیگا ۔ ہیسن نے تاہم کہا کہ چونکہ وکٹ پورے پانچ دن گھاس والی نہیں ہوسکتی اور فاسٹ بولرس کو صرف ابتدائی ایک یا دو دن فائدہ ہوسکتا ہے ایسے میں اسپن بولر کی بھی ٹیم کو ضرورت پڑسکتی ہے ۔

سائنا نیہوال نے انڈیا گرانڈ پری گولڈ جیت لیا ‘ پی وی سندھو کو شکست
نئی دہلی 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سائنہ نیہوال نے بالاخر اپنے فارم کو واپس پا لیا ہے اور انہوں نے فائنل میں اپنی ساتھی پی وی سندھو کو 21 – 14, 21 – 17 سے شسکت دیتے ہوئے انڈیا رانڈ پری گولڈ خطاب جیت لیا ہے ۔ یہ پہلا موقع تھا کہ بیڈمینٹن ورلڈ فیڈریشن کے کسی ٹورنمنٹ کے خطابی مقابلہ میں دونوں ہندوستانی ٹاپ اسٹارس کا مقابلہ ہوا ہو ۔ اس سے قبل انڈین بیڈمینٹن لیگ میں جب ان دونوں کے مابین دو مقابلے ہوئے تھے ان دونوں ہی میں سائنہ نیہوال ہی کو کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ سائنہ نیہوال نے فائنل میں رسائی سے قبل سیمی فائنل میں چین کی ژوان ڈینگ کو شکست دی تھی جبکہ سندھو نے انڈونیشیا کی لنڈوینی فانیٹری کو ہرایا تھا ۔