حیدرآباد ۔25؍ جون ( سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کے چیوڑلہ منڈل میں بورویل کے گہرے گڑھے میں گرنے والی کمسن لڑکی چناری فوت ہوگئی ۔اور 60 گھنٹے طویل آپریشن ناکام ثابت ہوا ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے وزیر مسٹر مہندرریڈی نے لڑکی کی موت کی توثیق کی جس کے بعد راحت کاری کام میں مصروف عہدیداروں نے لڑکی کے جسم کے ٹکڑے بورویل سے برآمد کئے ۔ تین دن قبل450 گہرے بورویل میں 18 ماہ کی وینا عرف چناری کھیت میں کھیلنے کے دوران کھلی بورویل میں گر پڑی تھی ۔ ضلع انتظامیہ نے کمسن کو باہر نکالنے این ڈی آر ایف ‘ سنگارینی کالریز و او این جی سی کمپنیوں کے ماہرین کو آپریشن میں شامل کیا تھا اور بورویل کے قریب کھدائی کی گئی تھی ۔ لڑکی کو بچانے خصوصی ٹیموں نے بورویل میں آکسیجن فراہم کیا تھا اورہائی ٹیک کیمروں سے اسکی حرکت کا پتہ لگانے کی کوشش کی ۔ ماہر کو شبہ ہے کہ چناری بورویل میں گرنے کے دوسرے دن فوت ہوگئی تھی جسکے نتیجہ میں اسکے جسم کے مسخ شدہ نعش کے ٹکڑے نکالے گئے ۔ پولیس نے ان ٹکڑوں کو چیوڑلہ ہاسپٹل منتقل کرکے اراضی مالک ملا ریڈی کے خلاف لاپرواہی کا مقدمہ درج کیا ۔