بورویل میں پھنسی لڑکی کو نکالنے کی کوشش جاری

آکسیجن کی سربراہی ، زندہ بچنے کے امکانات موہوم
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : ضلع رنگاریڈی میں 14 سالہ لڑکی کھلے بورویل میں گرے دو دن ہوگئے اور اس کو نکالنے کی تمام تر کوششیں جاری ہیں ۔ لیکن حکام نے کہا کہ اس لڑکی کے زندہ بچنے کے امکانات موہوم ہیں ۔ ضلع وقار آباد کے یکاریڈی گوڑہ میں جمعرات کو تقریبا 7.15 بجے شب ایک زرعی مزدور کی 14 سالہ بیٹی اپنی بڑی بہن کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ اچانک 450 فیٹ گہرے کھلے بورویل میں گر پڑی ۔ ضلع کلکٹر گھونندن راؤ نے کہا کہ لڑکی کے زندہ بچنے کا امکان نہیں ہے ۔ یہ بھی نہیں معلوم ہوسکا کہ اس وقت وہ 50 فیٹ نیچے ہے یا اس سے بھی زیادہ گہرائی میں چلی گئی ۔ لڑکی کا پتہ چلانے کے لیے ہائی ٹیک کیمرے استعمال کئے جارہے ہیں انہیں 245 فیٹ گہرائی تک چھوڑا گیا پھر بھی لڑکی کی نشاندہی نہ ہوسکی ۔ چیوڑلہ کے تحصیلدار گوپی رمنا نے یہ بات کہی ۔ سب انسپکٹر این سریدھر ریڈی نے بتایا کہ کل رات بارش کے سبب بچاؤ کام پر اثر پڑا ۔ انتظامیہ نے او این جی سی عہدیداروں کی ایک ٹیم کی خدمات حاصل کی تاکہ متوازی گڑھا کھود کر لڑکی کو بچایا جائے ۔ نیشنل ڈیزاسسٹر ریسپانس فورس بھی اس کارروائی میں شریک ہے ۔ بورویل میں آکسیجن سربراہ کی جارہی ہے اور ڈاکٹرس کی ایک ٹیم پوری طرح تیار ہے ۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ زمین کے مالک نے بورویل کو موٹر پمپ نصب کرنے کے لیے کھلا چھوڑ دیا تھا ۔ رنگاریڈی کے منچال دیہات میں اکٹوبر 2014 میں ایک چار سالہ لڑکی 300 فیٹ گہرے بورویل میں گر کر ہلاک ہوگئی تھی ۔۔