بودھن کے آر کے انجینئرنگ کالج چیرمین کا گھیراؤ

تنخواہوں کی عدم اجرائی پر ملازمین کا سخت احتجاج

بودھن۔20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر کے کالج آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی بودھن کے ملازمین نے انہیں 11 ماہ سے تنخواہوں کی عدم اجرائی کے باعث ملازمین نے چیرمین کالج ہذا محی الدین گھٹالہ کے دورہ بودھن کے موقع پر ان کا تقریباً 7 گھنٹوں تک گھیراؤ کیا اور کالج میں محروس رکھا۔ اس دوران بعض ملازمین نے فوری تنخواہ کی عدم اجرائی پر خودسوزی کرلینے کی دھمکی دی۔ بعدازاں پولیس کی مداخلت پر رات 10 بجے چیرمین کی رہائی عمل میں آئی۔ گزشتہ چار سال سے حکومت کی جانب سے فیس ری ایمبرسمنٹ کی رقم کی عدم اجرائی کے باعث کالج انتظامیہ اپنے ملازمین کو گزشتہ دو سال سے مقررہ وقت پر تنخواہوں کی اجرائی عمل میں نہ لاسکی۔ چیرمین اور ملازمین کے درمیان تلخ بحث و تکرار کی سابقہ رکن اسمبلی شکیل عامر کو اطلاع ملنے پر وہ کالج پہونچے اور چیرمین کی عدم کارکردگی پر انہیں سخت و سست کہا اور حیدرآباد میں مقیم کالج کے مالکین سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے آر کے ملازمین کی تنخواہوں کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا اور انہوں نے سرکل انسپکٹر پولیس وینکٹیشور راؤ کو طلب کرتے ہوئے نظم و نسق کو قابو میں رکھنے کیلئے کالج انتظامیہ و چیرمین کے خلاف فوجداری مقدمات درج رجسٹر کرنے کی ہدایت دی۔ سرکل انسپکٹر نے احتجاجی ملازمین سے تحریری طور پر کالج انتظامیہ کے خلاف تحریری درخواست حاصل کی اور 85 سالہ چیرمین کی ضعیفی کی وجہ سے انہیں احتجاجیوں کے چنگل سے آزاد کرواکر روانہ کردیا۔