بودھن کی مسلم بستی میں انہدامی کارروائی کے خلاف قرارداد

بودھن ۔31اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج مجلس بلدیہ بودھن کے ماہانہ اجلاس کا چیرمین بلدیہ مسٹر اے ایلیا کی صدارت میں انعقاد عمل میں آیا ‘ کونسلر بلدی حلقہ نمبر تین شیخ راشد نے کونسل کی منظوری کیلئے ایجنڈے میں شامل اُمور کی تخمینہ لاگت تحریر نہ کئے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے صدرنشین بلدیہ اور کمشنر بلدیہ پر گھوٹالے کرنے کا الزام عائدکیا ۔ رکن بلدیہ میر نظیر علی شیوراج اور فلورلیڈر کانگریس پارٹی جناب عابد سیٹھ نے بھی ایجنڈے میں پائی گئی خامیوں کو دور کرنے کا مطالبہ کیا ۔ عابد سیٹھ نے اس ضمن میں اپنی شکایت تحریری طور پر چیرمین بلدیہ کے حوالے کی ایجنڈے میں شامل اُمور ڈبل بیڈرومس کے مکانات کیلئے مختص کردہ اراضی کیلئے بلدیہ سے رقم فراہم کرنے کیلئے پیش کی گئی قرارداد پر ارکان بلدیہ نے سخت اعتراض کرتے ہوئے محکمہ ہاؤزنگ بورڈ و محکمہ مال کی ذمہ داری کو مجلس بلدیہ کی طرف سے تکمیل کرنے پر احتجاج کیا ۔ بودھن شہر کے مختلف بلدی حلقوں میں برقی کھمبوں کو تبدیل کرتے ہوئے نئے پولس نصب کرنے کے کاموں کو کونسل نے منظوری دے دی ۔ صدرنشین بلدیہ نے کونسل کی رضامندی سے بودھن شہر میں 3نومبر سے ایک دن کے وقفہ سے پینے کا پانی سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ قبل ازیں اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی مرحوم رکن بلدیہ محترمہ شہناز بیگم کے اچانک انتقال پر انہیں اظہار تعزیت پیش کیا ۔ اجلاس میں آج صبح بلدی حلقہ نمبر دو میں مکانات کی انہدامی کارروائی کے مسئلہ کو مذکورہ بلدیہ کے کونسلر اعجاز خان کی طرف سے پیش کی گئی یادداشت میں تحصیلدار بودھن مسٹر سدرشن اور ڈی ایس پی بودھن رام کمار کی نگرانی میں مسلم بستی کے مکانات کے انہدامی کارروائی کو غیر مجاز قرار دیتے ہوئے اچانک انہدامی کارروائی کئے جانے پر اعتراض کیا اور اس کارروائی کو غیر مجاز قرار دیتے ہوئے مذکورہ عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے پر مبنی قرار داد کو متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی ۔ واضح ہو کہ آج صبح اچن پلی میں موجود ایک کالونی میں محکمہ مال کے افراد نے پولیس کی نگرانی میں گھس کر مکانات کی انہدامی کارروائی انجام دی ۔ اس کارروائی کے تعلق سے رکن اسمبلی جناب شکیل عامر کو واقف کروایا گیا ۔ جناب شکیل نے محکمہ مال و پولیس سے ان کے اختیارات کے تعلق سے استفسار کرتے ہوئے انہدامی کارروائی کے احکامات پیش کرنے کا مطالبہ کیا اور اس طرح غریب افراد کو بے گھر کرنے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت کی نیک نامی کو متاثر نہ کرنے کی ہدایت دی تھی ۔