بودھن /10 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر نے یہاں بلدیہ آفس کے میدان میں تقسیم وظائف کیلئے منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد سرکاری دفاتر میں عملے کی قلت کے باوجود اس کے موجودہ عہدیدار حکومت کے احکامات پر بھرپور تعاون کرتے ہوئے کے سی آر کے سنہرا تلنگانہ کے خوابوں کی تکمیل میں مدد کر رہے ہیں ۔ شکیل عامر نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ہاوزنگ لون کی اجرائی میں مدینہ طور پر دھاندلیاں ہوئی ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ صرف ضلع نظام آباد میں 25 ہزار بوگس افراد کو قرض فراہم کیا گیا جس کی تحقیقات ابھی جاری ہے ۔ جناب شکیل نے کہا کہ بودھن شہر و دیہی علاقہ میں جملہ 5610 افراد کو اور ایڑپلی منڈل میں 2774 رنجل منڈل میں 3293 نوی پیٹ میں 2781 افراد کو وظائف منظور کئے گئے قبل ازیں آر ڈی او بودھن شیام پرساد لعل نے اپنے خطاب میں کہا کہ بودھن ڈیویژن میں 53 ہزار اہل افراد کو وظائف منظور کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی مستحق فرد کو وظیفہ منظور نہیں ہوا ہوتو وہ اپنے منڈل آفیسر کے پاس درخواست داخل کریں ۔ صدرنشین منڈل پریشد گنگاشنکر نے کہا کہ چھوٹے کیان جو بورویل کے ذریعہ پانی حاصل کرتے ہیں انہیں بھی وظائف جاری کیا جانا چاہئے ۔ ZPTC نوی پیٹ مسٹر سرینواس گوڑ نے وظائف 200 سے ایک ہزار اور پندرہ سو کئے جانے پر KCR سے اظہار تشکر کیا ۔ ایک قائد نے ہاوزنگ لون پر آر سی سی مکانات تعمیر کئے جانے پر مالک مکان کے وظائف بند کردینے پر اعتراض کیا اور ضلع نظام آباد کی دوسری سرکاری زبان اردو کے بیانرس پر عدم استعمال پر رکن اسمبلی کی توجہ مبذول کروائی ۔ اس تقسیم وظائف جلسہ کی صدارت صدرنشین بلدیہ مسٹر ایلیا نے کی ۔ اس جلسہ میں سابقہ صدرنشین بلدیہ بودھن جناب محمد غوث الدین ، محمد عابد احمد صوفی ، ارکان بلدیہ اور حلقہ اسمبلی بودھن کے تمام چار منڈلوں کے قائدین اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔