بودھن میں 250 بستروں پر مشتمل ضلعی سطح کے دواخانہ کی منظوری پر اظہار تشکر

بودھن ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : محکمہ ہیلت و میڈیکل فیملی ویلفیر ڈپارٹمنٹ تلنگانہ نے 4 مئی کو جاری کردہ اعلامیہ سلسلہ نشان میمو نمبر 3777/82/2018 میں بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں 25 نئے ضلعی سطح کے ہیڈکوارٹر ہاسپٹل کے قیام کی تجاویز کو حکومت نے منظوری دے دی ۔ جس میں بودھن میں قائم ایریا ہاسپٹل کو بھی توسیع دیتے ہوئے 250 بیڈس کی گنجائش کے ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے ۔ سابقہ صدر نشین بلدیہ جناب محمد غوث الدین نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ ضلع سطح کے سرکاری دواخانہ کی بودھن کو منتقلی کے باعث غریب مزدور پیشہ مریضوں کو اپنے علاج معالجہ کے لیے اب دور دراز کے مقامات کا سفر نہیں کرنا پڑے گا ۔ جناب غوث الدین نے بودھن شہر میں قائم سو بستروں والے دواخانہ کو 250 بستروں کے دواخانے میں تبدیل کردینے اور یہاں پر کہنہ امراض کے مریضوں کو سرکاری دواخانے میں علاج کی سہولت فراہم کرنے کی رکن پارلیمان محترمہ کے کویتا کی کامیاب نمائندگی پر ایم پی کو مبارکباد پیش کی اور اظہار تشکر کیا ۔۔