محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کا گھیراؤ، ایک کسان کا اقدام خودکشی، ٹریفک میں خلل
بودھن۔ یکم مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن منڈل کے کسانوں کی طرف سے آج تلنگانہ مہاراشٹرا کی بین ریاستی سڑک اچن پلی بائی پاس روڈ پر زبردست احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا، کسانوں کی شکایت ہے کہ ان کی کھڑی دھان کی فصل کو پانی نہ ملنے کی وجہ سے فصلیں سوکھ رہی ہیں۔ اس احتجاجی دھرنے اور راستہ روکو پروگرام کے دوران ایک کسان نے برسر عام جراثیم کش دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی جس کو پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔ تقریباً دو گھنٹوں تک جاری راستہ روکو احتجاج کے دوران بین ریاستی سڑک اور بودھن شہر میں داخل ہونے اور شہر سے باہر جانے والی سواریوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔کسانوں نے محکمہ آبپاشی کے عہدیدار ایس ایس ریڈی کا گھیراؤ کیا اور زرعی اراضی کو دھان کی کٹوائی تک پانی سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی کسانوںکو قابو میں رکھنے سرکل انسپکٹر پولیس سریندر ریڈی اور ایس ای پربھاکر بھاری جمعیت کے ساتھ بائی پاس روڈ پہونچے ۔ اس دوران سابق ریاستی وزیر و کانگریس پارٹی کے سینئر قائد مسٹر سدرشن ریڈی نے احتجاجی کسانوں سے بات چیت کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ ندی نالے ، تالاب لبریز رہنے کے باوجود بودھن حلقہ اسمبلی کے کسانوں کو بروقت پانی سربراہ کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نظام ساگر کا پانی پڑوسی حلقہ اسمبلی بانسواڑہ کے کسانوں کو کافی مقدار میں سربراہ کیا جارہا ہے لیکن مقامی عہدیداروں کی نااہلی کے سبب بودھن کے کسانوں کو پانی کی مصنوعی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے عہدیدار سے کسانوں کو آئندہ دس دنوں تک کھیتوں کو سربراہ کرنے کا تیقن دینے کا مطالبہ کیا۔ عہدیداروں کے تیقن کے بعد احتجاج ختم ہوا۔ اس راستہ روکو احتجاج میں گنگا شنکر، شیخ محی الدین پاشاہ، شیخ وحید، ستیم اور مقامی و دیہی علاقوں سے آئے ہوئے کانگریس پارٹی کے قائدین، سرگرم کارکنوں کے علاوہ کسانوں کی کثیر تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا۔