بودھن میں ڈینگو بخار سے کئی افراد متاثر

بودھن۔/3اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر میں ان دنوں ڈینگو بخار سے بے شمار افراد متاثر ہورہے ہیں۔ شہر کے سلمس علاقہ کرسچین کالونی بلدی حلقہ نمبر 12میں ڈینگو بخار میں مبتلاء 8افراد کی ضلع ملیریا آفیسر ڈاکٹر وینکٹ نے نشاندہی کرتے ہوئے انہیں 108 ایمبولنس کے ذریعہ ضلع ہیڈکوارٹر ہاسپٹل نظام آباد منتقل کیا۔ شہر کے مختلف بلدی حلقوں میں کہیں بتکماں تہوار تو ہیں دسہرہ منایا جارہا ہے اور کہیں مرکزی حکومت کی ہدایت پر صاف ستھرا شہر پروگرام کے تحت سڑکوں، موریوں کی صفائی انجام دی جارہی ہے۔ شہر میں ایک طرف خوشیاں تو ایک طرف مرض ڈینگو سے متاثر افراد کے خاندان پریشان حال نظر آرہے ہیں۔ دو دن قبل بخار میں مبتلاء 13مریضوں کے خون کے نمونے حاصل کئے گئے تھے جن میں سے چار افراد وکٹرپول 19سالہ، سائی اکا 45سالہ، پرامیلا 60سالہ اور یواراج 4سال کے خون میں ڈینگو مرض کے جراثیم پائے گئے۔ گزشتہ روز گیتا نامی خاتون کی ڈینگو مرض سے متاثر ہونے کے بعد نظام آباد میں علاج کے دوران موت واقع ہونے کی اطلاع پاکر یہاں شہریان بودھن میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔