بودھن میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ

بودھن۔25جون( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع جنرل سکریٹری کانگریس پارٹی جناب جمیل سائبر نے اپنے ایک صحافتی بیان میں بودھن شہر میں بڑھتے ٹریفک مسائل کی طرف سے محکمہ آر اینڈ بی‘ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کی توجہ مبذول کروائی ۔ بودھن کے شہری علاقہ اور مضافات میں آئے دن حادثات میں اضافہ ہونے کی وجہ سے ہفتہ میں ایک موت اور روزانہ کسی نہ کسی علاقہ میں حادثے کے باعث کسی شخص کے زخمی ہونے کی خبریں اخبارات کی زینت بنتی جارہی ہے۔ضلع جنرل سکریٹری نے حادثات پر قابو پانے متذکرہ محکمہ جات کو جامع منصوبہ تیار کرتے ہوئے ٹریفک نظام میں بہتری لانے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی خواہش کی ۔