بودھن۔/28نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر نے بتایا کہ ان کی نمائندگی پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بودھن کے شہری علاقہ میں مزید 500 ڈبل بیڈ روم کے مکانات تعمیر کروانے پر غور کرریہ ہیں۔ جناب شکیل نے ادعا کیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست میں موجود ہر ایک بے گھر خاندان کو ان کا ذاتی مکان اور اس مکان میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے عہد کے پابند ہیں۔ جناب شکیل عامر نے گزشتہ شام ’سیاست نیوز‘ بودھن کو بتایا کہ نظام دکن شوگرس کے تین یونٹس شکر نگر، میدک اور مٹ پلی میں اس سال گنے کی کریشنگ نہ کئے جانے کے اعلان پر گنا اُگانے والے کسان متفکر تھے۔ جناب شکیل نے بتایا کہ گزشتہ سہ پہر وزیر زراعت مسٹر پی سرینواس ریڈی کے زیر صدارت میدک، مٹ پلی، بودھن کے ارکان اسمبلی علی الترتیب پدما دیویندر ریڈی، ودیا ساگر راؤ کے علاوہ خانگی شکر سازی کے کارخانے گائتری شوگرس، گنیش شوگرس کے سربراہوں کے ساتھ ایک اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا جس میں میدک، مٹ پلی اور بودھن کا گنا مذکورہ خانگی فیکٹریوں کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خانگی شوگر مل مالکین نے فی میٹرک ٹن کی قیمت 2600 روپئے ادا کرنے سے اتفاق کرلیا۔ اس اجلاس میں یہ طئے کیا گیا کہ 20کیلو میٹر تک کے حمل و نقل کا خرچ کسانوں کو برداشت کرنا ہوگا۔ مابقی ریاستی حکومت ادا کرے گی۔