بودھن میں لاری ڈرائیورس یونین کا احتجاجی مظاہرہ

بودھن۔/5 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) لاری وٹپرس ڈرائیورس یونین بودھن سے تعلق رکھنے والے ارکان کی کثیر تعداد نے آج ریالی کی شکل میں سب کلکٹر آفس بودھن پہنچے اور یہاں دھرنا منظم کیا۔ اس موقع پر یونین کے صدر سید قادر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سابق کانگریس دور حکومت میں نظام آباد شہر و دیہی علاقہ سے تعلق رکھنے والے بے گھر مستحق ڈرائیورس کو دھرم پوری کالونی میں پلاٹس الاٹ کئے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کاماریڈی کے مستحق ڈرائیورس کو سرسلہ روڈ پر اور بانسوارہ والوں کو تاڑکول روڈ کے قریب مکانات کی تعمیر کیلئے حکومت نے اراضی فراہم کی تھی صدر یونین نے کہا کہ بودھن ڈیویژن سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 سے زائد بے گھر ڈرائیورس جو 20 سال سے زائد عرصہ سے پیشہ ڈرائیور سے وابستہ ہیں جن کے ذاتی مکانات نہ ہونے کی وجہ سے کرائے کے مکانات میں رہائش پذیر ہیں۔ صدر یونین نے کہا کہ بودھن کے مضافات پانڈو فارم میں موجود سرکاری فاضل اراضی میں سے فی کس 125 گز مکانات کی تعمیر کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ اس موقع پر یونین کے سکریٹری یونس خان اعزازی صدر محمد غوث، عبدالحلیم قریشی کے علاوہ اے ای ٹی یو سی کے ضلع صدر کے بوس بابو سی پی آئی کے سکریٹری کے بھومیا، شیخ بابو، ایس رادھا کرشنا، سی پی آئی کے رامو، عبدالباری، سائیلو، مہیش، کوشل پٹیل، گنگادھر مانکیم ، ناظم شبیر وغیرہ موجود تھے۔ سب کلکٹر کی عدم موجودگی کی وجہ سے اس ضمن میں ایک یادداشت اے او کو پیش کی۔